آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈی بیچ پر ہونے والے مہلک فائرنگ واقعے کے دوران غیر معمولی بہادری کا مظاہرہ کرنے والے ایک مسلمان شہری کو دنیا بھر میں ہیرو قرار دیا جا رہا ہے، جس کے جرات مندانہ اقدام سے متعدد قیمتی جانیں بچ گئیں۔
اتوار کے روز یہودیوں کے مذہبی تہوار حنوکا کے موقع پر ساحل سمندر پر منعقدہ تقریب کے دوران دو مسلح افراد نے ایک اونچی جگہ سے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ ویک اینڈ اور تہوار کے باعث ساحل پر عوام کی بڑی تعداد موجود تھی، فائرنگ ہوتے ہی شدید افراتفری پھیل گئی اور لوگ جان بچانے کے لیے ادھر ادھر بھاگنے لگے۔
اسی دوران سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک راہگیر مسلح حملہ آور کا سامنا کرتا ہے اور بہادری سے اس پر قابو پا لیتا ہے۔ مقامی اور بین الاقوامی میڈیا کے مطابق اس بہادر شہری کی شناخت 43 سالہ احمد ال احمد کے نام سے ہوئی ہے، جو پیشے کے اعتبار سے ساحل کے قریب پھل فروخت کرتے ہیں اور دو بچوں کے والد ہیں۔
ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ احمد ال احمد ایک کار پارک میں سفید شرٹ پہنے سیاہ لباس میں ملبوس رائفل بردار شخص کی طرف بڑھتے ہیں، پیچھے سے اسے دبوچ لیتے ہیں اور اپنے ہاتھوں سے اس کی رائفل چھین کر زمین پر رکھ دیتے ہیں۔ حملہ آور اس دوران پیچھے ہٹتا دکھائی دیتا ہے، جس سے مزید جانی نقصان سے بچاؤ ممکن ہوا۔
حملہ آور کو قابو کرنے کی کوشش کے دوران احمد ال احمد کو بازو پر دو گولیاں بھی لگیں، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
نیوساؤتھ ویلز کے پریمیئر کرس منز نے احمد ال احمد کو حقیقی ہیرو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منظر ان کی زندگی کے سب سے ناقابل یقین مناظر میں سے ایک ہے۔ آسٹریلیا کے وزیر اعظم انتھونی البانی نے بھی شہریوں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ جو لوگ دوسروں کی مدد کے لیے خطرے کی طرف بڑھتے ہیں، وہی اصل ہیرو ہوتے ہیں اور ان کے اقدامات نے کئی جانیں بچائیں۔
پولیس کے مطابق واقعے میں ایک مشتبہ حملہ آور ہلاک جبکہ دوسرے کو تشویشناک حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اس بات کی بھی تحقیقات جاری ہیں کہ آیا کسی تیسرے حملہ آور کا بھی واقعے سے تعلق تھا یا نہیں۔
سوشل میڈیا پر بھی احمد ال احمد کی جرات اور بہادری کی بھرپور تعریف کی جا رہی ہے اور انہیں انسانیت کا حقیقی ہیرو قرار دیا جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos