کینبرا / منیلا: فلپائن کی حکومت نے تصدیق کی ہے کہ آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں بونڈی بیچ حملے میں ملوث باپ بیٹے نے نومبر میں فلپائن کا سفر کیا تھا۔ فلپائن امیگریشن حکام کے مطابق ساجد اکرم فلپائن بھارتی پاسپورٹ پر داخل ہوئے، جبکہ ان کا 24 سالہ بیٹا نوید اکرم آسٹریلوی شہری کے طور پر فلپائن پہنچا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق ساجد اکرم اور نوید اکرم یکم نومبر کو سڈنی سے فلپائن روانہ ہوئے، جہاں ان کی آخری منزل جنوبی فلپائن کا صوبہ ڈاواؤ درج تھی۔ دونوں باپ بیٹے 28 نومبر کو فلپائن سے واپس روانہ ہوئے۔
آسٹریلوی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آوروں کے فلپائن سفر کا مقصد جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں اور اس ضمن میں فلپائن حکام سے بھی تعاون حاصل کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز سڈنی کے ساحلی علاقے بونڈی بیچ پر دو مسلح افراد نے فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 15 سے زائد افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور مارا گیا جبکہ دوسرے کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا۔
واقعے کے بعد بھارت اور اسرائیل کی جانب سے پاکستان کو اس حملے سے جوڑنے کی کوشش کی گئی، تاہم یہ الزامات شواہد کی عدم موجودگی کے باعث دم توڑ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوید اکرم کے ایک ساتھی نے بتایا کہ ساجد اکرم کا تعلق بھارت سے ہے جبکہ ان کی اہلیہ کا تعلق اٹلی سے بتایا جاتا ہے۔
آسٹریلوی حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos