ہیگ: بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) نے اسرائیل کو غزہ جنگ کے دوران جنگی جرائم پر دوٹوک جواب دیدیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق عالمی فوجداری عدالت کے اپیلز چیمبر نے اسرائیل کی غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات روکنے کی اپیل مسترد کر دی۔
عالمی عدالت کے اسرائیلی اپیل کو رد کرنے کو اسرائیل کی قانونی حکمتِ عملی کے لیے ایک بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے جو اس مقدمے کو پٹڑی سے اتارنے کی کوشش کر رہا تھا۔
آئی سی سی کے اپیلز چیمبر کے ججوں نے نچلی عدالت کے اس فیصلے کو برقرار رکھا جس کے تحت آئی سی سی کے پراسیکیوٹر کو غزہ پر اسرائیلی حملوں کے دوران ہونے والے مبینہ جنگی جرائم کی تحقیقات کی اجازت دی گئی تھی۔
اس فیصلے کے بعد فلسطین سے متعلق آئی سی سی کی تحقیقات کا عمل جاری رہے گا، جس کے نتیجے میں گزشتہ سال نومبر میں اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو اور سابق وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے خلاف جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات پر وارنٹِ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔
اسرائیل نے ہمیشہ آئی سی سی کے دائرہ اختیار کو تسلیم کرنے سے انکار کیا ہے اور غزہ میں جنگی جرائم کے الزامات کو مسترد کیا ہے۔
خیال رہے کہ یہ تحقیقات 7 اکتوبر 2023 کو جنوبی اسرائیل پر حماس کے حملے کے بعد شروع ہونے والی اسرائیلی فوجی کارروائیوں سے متعلق ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos