مزید 20 ممالک پر امریکا سفر کی نئی پابندیاں عائد

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید 20 ممالک کے شہریوں پر امریکا کے سفر پر نئی پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ پابندیاں یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہوں گی۔

نئی سفری پالیسی کے مطابق ان ممالک سے تعلق رکھنے والے طلبہ، امریکی شہریوں کے اہلِ خانہ اور افغان اسپیشل امیگرینٹ ویزا رکھنے والے افراد بھی ان پابندیوں کے دائرے میں آئیں گے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جن ممالک کے شہریوں پر مکمل سفری پابندی لگائی جا رہی ہے، ان میں شام، جنوبی سوڈان، نائجر، مالی اور برکینا فاسو شامل ہیں۔ اس کے علاوہ وہ افراد بھی امریکا کا سفر نہیں کر سکیں گے جن کی سفری دستاویزات فلسطینی اتھارٹی کی جانب سے جاری کی گئی ہوں۔

اسی پالیسی کے تحت بعض ممالک کے شہریوں پر جزوی سفری پابندیاں بھی عائد کی گئی ہیں۔ ان ممالک میں انگولا، انٹیگوا و باربوڈا، بنین، آئیوری کوسٹ، ڈومینیکا، گبون، گیمبیا، ملاوی، موریطانیہ، سینیگال، تنزانیہ، ٹونگا، زیمبیا اور زمبابوے شامل ہیں۔

امریکی حکام کے مطابق ان پابندیوں کا مقصد امیگریشن نظام کو مزید سخت اور قومی سلامتی کو یقینی بنانا ہے، تاہم اس فیصلے پر عالمی سطح پر ردِعمل سامنے آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔