ہماری سیاست سے دور رہیں،سابق آسٹریلوی وزیراعظم کا نیتن یاہو کو پیغام

سابق آسٹریلوی وزیراعظم میلکم ٹرنبل نے اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کو سخت پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آسٹریلیا کی اندرونی سیاست میں مداخلت نہ کریں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ٹرنبل نے یہ بات نیتن یاہو کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کو سڈنی واقعے سے جوڑنے کی کوشش کے جواب میں کہی۔ یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کو یہودی مذہبی تہوار حنوکا کے دوران فائرنگ کے واقعے میں 15 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

اس موقع پر نیتن یاہو نے کہا تھا کہ آسٹریلیا کے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے نے یہود دشمنی کو بھڑکانے میں مدد دی۔ اس پر ردعمل دیتے ہوئے میلکم ٹرنبل نے کہا کہ میں احترام کے ساتھ نیتن یاہو سے کہنا چاہوں گا کہ براہِ کرم ہماری سیاست سے دور رہیں، ایسے تبصرے نہ تو مددگار ہیں اور نہ ہی درست۔

ٹرنبل نے موجودہ آسٹریلوی وزیراعظم انتھونی البانیز کی حکومت کے فیصلے کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگست میں دیگر مغربی ممالک کے ساتھ فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا گیا تاکہ غزہ میں جاری جنگ پر عالمی دباؤ میں اضافہ کیا جا سکے۔

سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ دنیا کے بیشتر ممالک فلسطین کو ایک ریاست کے طور پر تسلیم کرتے ہیں اور دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ آسٹریلیا ایک کامیاب کثیرالثقافتی معاشرہ ہے اور اسے غیر ملکی تنازعات کو اپنے ملک میں لانے کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔