سعودی عرب کے شمال مغربی صوبے تبوک میں موسمِ سرما کی پہلی برف باری

سعودی عرب کے شمال مغربی صوبے تبوک میں موسمِ سرما کی پہلی برف باری ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد سردی کی شدت میں واضح اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ برف باری کے باعث تبوک کے پہاڑی علاقے سفید چادر میں ڈھک گئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق جبل لوز اور اس سے ملحقہ علاقوں میں برف پڑنے سے مناظر دلکش ہو گئے، جبکہ مقامی افراد اور سیاح بڑی تعداد میں برف باری کا منظر دیکھنے کے لیے پہاڑی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں۔

سعودی محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارش، ژالہ باری اور برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات کے روز ریاض کے شمالی علاقوں اور صوبہ القصیم کے بعض حصوں میں بھی برف پڑ سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رات کے اوقات میں ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم انتہائی سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ بالائی اور پہاڑی علاقوں میں بارشوں اور ژالہ باری کے باعث احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ضرورت ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔