فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے لیے تاریخ کی سب سے بڑی انعامی رقم کا اعلان کر دیا ہے۔ فیفا کے مطابق مجموعی طور پر 65 کروڑ 50 لاکھ ڈالر انعامی رقم کے طور پر تقسیم کی جائے گی، جو 2022 کے ورلڈ کپ میں 44 کروڑ ڈالر کے مقابلے میں کافی زیادہ ہے۔
اعلامیے کے مطابق فاتح ٹیم کو 5 کروڑ ڈالر ملیں گے، جبکہ رنر اپ ٹیم کو 3 کروڑ 30 لاکھ ڈالر اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 90 لاکھ ڈالر انعام میں دیے جائیں گے۔ چوتھے نمبر پر آنے والی ٹیم کو 2 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ملیں گے۔
پانچویں سے آٹھویں پوزیشن پر آنے والی ٹیموں کو فی ٹیم 1 کروڑ 90 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے، نویں سے سولہویں نمبر کی ٹیموں کو 1 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، جبکہ 17ویں سے 32ویں پوزیشن پر آنے والی ہر ٹیم کو 1 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ملیں گے۔ 33ویں سے 48ویں نمبر تک کی ٹیموں کو فی ٹیم 90 لاکھ ڈالر دیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ، ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرنے والی ہر ٹیم کو تیاریوں کے لیے فیفا کی جانب سے اضافی 15 لاکھ ڈالر بھی فراہم کیے جائیں گے۔ یہ فیصلہ عالمی فٹبال میں مسابقت اور ٹیموں کی تیاری کو مزید فروغ دینے کے لیے کیا گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos