فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

مقبوضہ کشمیر کے بھارتی فوجی کیمپ میں خوفناک آگ،فوجی ساز و سامان راکھ بن گیا

سری نگر:  بھارتی فوجی کیمپ کے اندر لگنے والی خوفناک اور پُراسرار آتشزدگی سے فوجی ساز و سامان جل کر رکھ کا ڈھیر بن گیا۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق اس دو منزلہ عمارت میں بھارت کی صف اوّل کے نیم فوجی دستے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی بٹالین مقیم تھی۔

آگ فوجی کیمپ کی نچلی منزل پر لگی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آسمان کو چھونے والے بلند شعلوں اور دھوئیں کے بادل دیکھ کر کہرام مچ گیا۔

کسی حملے کے خدشے کے پیش نظر فوری طور پر مزید نفری اور فائر بریگیڈ کے عملے کو بھی طلب کیا گیا۔ کئی گھنٹوں کی مشقت کے بعد آگ پر قابو پالیا گیا۔

جیسے ہی فوجی کیمپ میں آگ لگی افسران اور اہلکار جنگی ساز و سامان کو چھوڑ کر اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگ کھڑے ہوئے۔

جس کے نتیجے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا لیکن فوجی ساز و سامان جل کر رکھ کا ڈھیر بن گیا۔ شدید مالی نقصان پر بھارتی فوجی سربراہان نے برہمی کا اظہار کیا۔

آگ لگنے کے اس غیر معمولی واقعے نے مقبوضہ کشمیر میں تعینات بھارتی فوجی افسران کی نااہلی اور اہلکاروں کی بزدلی کو بے نقاب کردیا۔

اس واقعے نے ایک بار پھر حساس علاقوں میں تعینات بھارتی فوجیوں کی حفاظت اور کیمپوں میں حفاظتی انتظامات پر بھی سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی تاہم واقعے کی تحقیقات کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔