کولمبو: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آی سی سی) مینز ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل سری لنکن کرکٹ ٹیم میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے چرِتھ اسالنکا کو قیادت سے ہٹا کر داسن شناکا کو ایک بار پھر ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کردیا گیا۔
کرکٹ کی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ نے آئندہ برس فروری میں شیڈول مینز ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے سری لنکن ٹیم کی قیادت داسن شناکا کے سپرد کردی، جو ٹورنامنٹ کے اختتام تک ٹی 20 ٹیم کے کپتان رہیں گے۔ یہ فیصلہ چرِتھ اسالنکا کو اس فارمیٹ کی کپتانی سے ہٹا کر کیا گیا ہے۔ کپتانی میں اس تبدیلی کا فیصلہ سابق سلیکشن کمیٹی کی مدت ختم ہونے کے باعث تاخیر کا شکار رہا، جس کی سربراہی اپُل تھارنگا کر رہے تھے۔
جمعے کو سری لنکن کرکٹ ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر پرامودیا وکرما سنگھے نے ورلڈ کپ کے لیے ابتدائی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے تصدیق کی کہ داسن شناکا ہی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا سے مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
Sri Lanka announce preliminary squad for #T20WorldCup 2026 with 25 players in contention 👀
Read more 👇https://t.co/Rr83NdrJbj
— ICC (@ICC) December 19, 2025
چیف سیلکٹر کے مطابق سابق سلیکشن کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ 25 رکنی فہرست کو ہی ابتدائی اسکواڈ کے طور پر برقرار رکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہائی پرفارمنس کے سربراہ جیروم جے راتنے اور ہیڈ کوچ سے تفصیلی مشاورت کے بعد یہی فہرست ورلڈ کپ کے لیے موزوں سمجھی گئی۔
پرامودیا وکرما سنگھے کا مزید کہنا تھا کہ داسن شناکا کو ایک آل راؤنڈر کے طور پر دیکھا جا رہا ہے اور آئندہ دنوں میں کوچنگ اسٹاف کے ساتھ مل کر ان کے کردار کو حتمی شکل دی جائے گی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos