تائیوان،چاقو بردار شخص کے حملے میں 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی

تائیوان کے دارالحکومت تائی پے میں جمعے کے روز ایک چاقو بردار شخص کے حملے میں کم از کم 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے ہیں۔ واقعہ شہر کے میٹرو اسٹیشنز اور مصروف شاپنگ ڈسٹرکٹ میں پیش آیا، جس کے دوران شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

وزیرِاعظم چو جنگ تائی کے مطابق 27 سالہ مشتبہ شخص نے مرکزی میٹرو اسٹیشن پر سموک بم پھینکے اور پھر دوسرے سب وے اسٹیشن کی طرف بھاگتے ہوئے راستے میں متعدد افراد پر چاقو سے حملے کیے۔ حملے کے دوران ایک شخص نے مبینہ طور پر حملہ آور کو روکنے کی کوشش کی تاہم وہ شدید زخمی ہو کر اسپتال میں دم توڑ گیا۔

حملہ آور نے اس دوران مولوٹوف کاک ٹیل بھی استعمال کیے۔ تعاقب کے دوران وہ ایک عمارت سے گر کر ہلاک ہو گیا۔ واقعے کے محرکات تاحال سامنے نہیں آئے ہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ لوگ خوفزدہ ہو کر جان بچانے کے لیے بھاگ رہے ہیں جبکہ حملہ آور سیاہ لباس اور بیس بال کی ٹوپی میں مصروف سڑک پر دھواں بم پھینکتے اور چاقو کے وار کر رہا تھا۔

وزیرِاعظم نے واقعے کے بعد تائی پے کے میٹرو اور ریلوے اسٹیشنز کے علاوہ ہوائی اڈوں پر بھی سکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں تاکہ شہریوں کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔