کراچی پولیس نے کریک ڈائون میں 8 بھتہ خور گرفتارکرلیے۔ مشتبہ افراد کو ایران، دبئی، نائیجیریا اور فلپائن جیسے مقامات سے منسلک بین الاقوامی فون نمبرز کا استعمال کرتے ہوئے ٹریس کیا گیا۔ملزمان یہ نمبرزتاجروں اور بلڈرز کو دھمکیاں دینے کے لیے استعمال کر رہے تھے، تحفظ کے بدلے یا نقصان سے بچنے کے لیے بھاری رقم کا مطالبہ کر رہے تھے۔
صوبائی پولیس سربراہ غلام نبی میمن نے بتایاہے کہ شہر کے مختلف حصوں میں بھتہ خوری کے کم از کم آٹھ بڑے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ ان میں سے پہلا واقعہ 27 ستمبر کو ملیر ، اس کے بعد بہادر آباد، سولجر بازار، گلشن اقبال، ناظم آباد اور گارڈن میں پیش آیا۔ ہر معاملے میں، بھتہ خوروں نے اپنے متاثرین کو ڈرانے کے لیے بین الاقوامی فون نمبرز کا استعمال کیا۔
ایس ایس پی ایس آئی یو ڈاکٹر عمران کا کہنا ہے کہ بھتہ خوروں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیاں جاری ہیں، اس سال اب تک 50 سے زائد بھتہ خوروں کو گرفتار کیا جاچکا ہے کم و بیش 170 شکایات موصول ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمعہ کی صبح ایک بھتہ خور مقابلے میں مارا گیا جس کے موبائل فون سے مختلف تاجروں کے نہ صرف فون نمبر ملے بلکہ وہ ڈیٹا بھی ریکور کیا گیا جس میں اس نے بھتہ طلب کیا تھا۔ڈاکٹر عمران نے مزید کہا کہ بلڈرز کی نمائندہ تنظیم آباد نے جن 10 کیسز کا ذکر کیا ہے ان میں سے صرف 3 واقعات کے مقدمات درج کرائے گئے، 5 کے بارے میں کبھی آگاہ نہیں کیا گیا، 2 کیسز چند روز قبل ہی پیش آئے جن پر کام شروع کردیا گیا ہے ۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos