انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل آج دبئی میں کھیلا جائے گا

انڈر 19 ایشیا کپ کا فائنل آج دبئی میں کھیلا جائے گا جہاں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لیے آمنے سامنے ہوں گی۔

فائنل میچ سے قبل پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف کا کہنا ہے کہ ٹیم مکمل طور پر تیار ہے اور بھرپور مقابلہ کرتے ہوئے ٹرافی جیتنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کے مطابق کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے اور ٹیم نے ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھا ہوا ہے۔

اس سے قبل سیمی فائنلز میں پاکستان انڈر 19 نے بنگلادیش کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی، جبکہ بھارت نے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا کو ہرا کر ٹائٹل میچ کے لیے کوالیفائی کیا۔

واضح رہے کہ پاکستان دو مرتبہ آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کا چیمپئن رہ چکا ہے، تاہم اب تک انڈر 19 ایشیا کپ کا ٹائٹل حاصل نہیں کر سکا۔ 2012 کے ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت مشترکہ چیمپئن قرار پائے تھے۔

اس بار پاکستان کی انڈر 19 ٹیم مضبوط کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔ بیٹنگ میں سمیر منہاس نمایاں رہے ہیں جو چار میچز میں 299 رنز اسکور کر چکے ہیں، جن میں ایک سنچری اور ایک نصف سنچری شامل ہے۔ بولنگ میں رائٹ آرم فاسٹ بولر عبد السبحان 11 جبکہ لیفٹ آرم بولر محمد صیام 8 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔ کپتان فرحان یوسف نے فائنل میں کامیابی کے لیے امید ظاہر کی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔