اسرائیلی فوج جب ضرورت محسوس کریگی حملہ کرے گی،اسرائیلی آرمی چیف

اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال زمیر نے دشمنوں کے خلاف کسی بھی وقت کارروائی کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج جہاں اور جب ضرورت محسوس کرے گی، حملہ کرنے سے گریز نہیں کرے گی۔

ایک تازہ بیان میں اسرائیلی آرمی چیف کا کہنا تھا کہ 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے ساتھ جنگ کا آغاز ہوا، تاہم بعد ازاں یہ تنازع یمن اور ایران سمیت دیگر قوتوں تک پھیل گیا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو مختلف محاذوں پر خطرات کا سامنا ہے اور فوج ہر صورتحال کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

ایال زمیر نے دعویٰ کیا کہ ایران اسرائیل کے خلاف کارروائیوں میں ملوث عناصر کو مالی اور عسکری مدد فراہم کرتا رہا ہے اور اسرائیل کو نقصان پہنچانے کے منصوبوں کے پیچھے بھی ایران کا کردار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل دشمن کے خلاف بروقت اور مؤثر جواب دینے کی پالیسی پر کاربند ہے۔

اسرائیلی آرمی چیف کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے دوران ایران پر ممکنہ نئے حملوں پر تبادلہ خیال کر سکتے ہیں۔

دوسری جانب ایران نے بھی اسرائیل کی جانب سے دوبارہ حملے کے خدشے کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی جارحیت کا سخت جواب دیا جائے گا۔ خطے میں بڑھتی کشیدگی کے باعث صورتحال مزید حساس ہوتی جا رہی ہے۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔