غزہ کی تعمیر نو کے لیے واشنگٹن میں بین الاقوامی کانفرنس بلانے پرغور

امریکہ اپنے اتحادیوں کے ساتھ مل کر غزہ کی تعمیر نو کے لیے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر غور کر رہا ہے۔امریکی جریدے کے مطابق یہ قدم اسرائیل اور حماس کے درمیان مذاکرات میں حالیہ تعطل کے بعد جنگ بندی کی کوششوں کو نئی زندگی دینے کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔

ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتایا کہ امریکی دار الحکومت واشنگٹن کو اس کانفرنس کے لیے ایک ممکنہ مقام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ کانفرنس آئندہ ماہ جنوری 2026 کے اوائل میں منعقد ہو سکتی ہے۔اس مشاورت میں مصر سمیت کئی عرب اور علاقائی ممالک شریک ہیں۔ مصر اس عمل میں ایک بنیادی شراکت دار کے طور پر کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، جو کہ امن کی کوششوں، تعمیر نو اور فریقین کے درمیان رابطوں کو آسان بنانے میں مصروف ہے۔

ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اس منصوبے کے دوسرے مرحلےکو فعال کرنا ہے جو جنگ کے خاتمے کے بعد غزہ کی پٹی کی بحالی اور تباہ شدہ ڈھانچے کی دوبارہ تعمیر پر مرکوز ہے۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ ٹرمپ کی جانب سے تجویز کردہ امن کونسل تعمیرِ نو کے فنڈز اور ٹھیکوں کی نگرانی کر سکتی ہے، جس میں عالمی ٹیکنالوجی اور لوجسٹکس کمپنیوں کو شامل کرنے پر توجہ دی جائے گی۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔