ترکیہ میں طیارہ اڑان بھرنے کے بعد گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں کئی اعلیٰ عسکری حکام سمیت لیبیا کے فوجی سربراہ جنرل محمد علی الحدادبھی جاں بحق ہوگئے۔ترکیہ کے دارالحکومت انقرہ میں ایسن بوغا ائیرپورٹ سے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس کے لیے اڑان بھرنے والے والے فالکن 50 بزنس جیٹ میں اچانک تیکنیکی خرابی پیدا ہوگئی۔
اڑان بھرنے کے 30 منٹ بعد طیارہ کا ائیرٹریفک کنٹرولر سے رابطہ منقطع ہوگیا جس کے بعد طیارے نے دوبارہ انقرہ کی جانب رخ موڑنے کی کوشش کی تاہم لینڈنگ سے قبل ہی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ ترک وزیرداخلہ نے بتایا کہ طیارہ شام 8 بج کر 10 منٹ پر اڑااور 8 بج کر52 منٹ پر رابطہ منقطع ہوا۔ طیارے کی جانب سے حیمانہ کے قریب ہنگامی لینڈنگ کی اطلاع ملی جس کے بعد پرواز سے دوبارہ رابطہ قائم نہ ہو سکا۔
طیارے میں لیبیا کے چیف آف اسٹاف سمیت 5 افراد سوار تھے۔ لیبیا کے وزیراعظم عبدالحمید الدبیبہ نے آرمی چیف کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔انہوں نے اس واقعے کو ملک اور مسلح افواج کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے کہا کہ لیبیا نے ایسے افراد کھو دیے ہیں جنہوں نے خلوص، نظم و ضبط اور قومی جذبے کے ساتھ ملک کی خدمت کی۔ وزیراعظم نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ، فوجی ساتھیوں اور لیبیا کے عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔
جاں بحق ہونے والوں میں بری فوج کے چیف آف اسٹاف الفتوری غریبل، ملٹری مینوفیکچرنگ اتھارٹی کے ڈائریکٹر محمود القطاوی، الحداد کے مشیر محمد العسوی دیاب اور ملٹری فوٹوگرافر محمد عمر احمد محجوب شامل ہیں۔
ایک ترک اہلکار نے الجزیرہ کو بتایا کہ تحقیقات کی ابتدائی رپورٹوں میں طیارے کے حادثے میں کسی تخریب کاری کو مسترد کر دیا گیا ہے، ابتدائی وجہ تکنیکی خرابی ہے۔
رپورٹس کے مطابق لیبیا کے جنرل محمد علی الحداد نے ترکیہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے ترکیہ کے وزیردفاع سے ملاقات کی۔ جنرل الحداد اور ان کی ٹیم نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی اور سکیورٹی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے بات چیت کی تھی۔
ترکیہ سے واپسی کے دوران جنرل محمد علی الحداد کاطیارہ حادثے کا شکار ہوا۔ترکیہ نے واقعے کے بعد فضائی حدود عارضی طور پربند کردی ۔ سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں اور سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos