ترک حکام نے تصدیق کی ہے کہ لیبیا کے آرمی چیف جنرل محمد احمد الحداد کا طیارہ برقی نظام میں خرابی کے باعث گر کر تباہ ہو گیا۔ ترک صدارتی شعبہ مواصلات کے سربراہ برہان الدین دوران کے مطابق حادثے سے قبل طیارے نے ایئر ٹریفک کنٹرول ٹاور کو ہنگامی صورتحال سے آگاہ کیا اور فوری لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی۔
تاہم واپس لوٹتے ہوئے طیارے سے رابطہ منقطع ہو گیا۔ فلائٹ ریڈار کے مطابق پرواز نے ابتدا میں بلندی حاصل کی مگر اچانک اونچائی میں کمی واقع ہوئی اور صرف 16 منٹ بعد ریڈار سے غائب ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں :۔ طیارہ حادثے میں لیبیاکے فوجی سربراہ اعلیٰ عسکری حکام سمیت جاں بحق
ترک میڈیا کے مطابق طیارہ جس علاقے میں لاپتا ہوا وہاں دھماکے کی آواز بھی سنی گئی اور ریسکیو کارروائی شروع کی گئی۔ لیبیا کی عبوری حکومت کے سربراہ عبدالحمید الدبیبہ نے جنرل الحداد کی وفات کی تصدیق کی اور بتایا کہ حادثے میں دیگر اعلیٰ فوجی اور سرکاری اہلکار بھی جاں بحق ہوئے۔
جاں بحق ہونے والوں میں لیفٹیننٹ جنرل الفیتوری غریبیل، بریگیڈیئر محمود القطيوی، محمد العصاوی دیاب اور میڈیا فوٹوگرافر محمد عمر احمد محجوب شامل ہیں۔ لیبیا کی وزارت دفاع کا ایک وفد بدھ کو انقرہ پہنچ کر حادثے کی تفصیلات کا جائزہ لے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos