پاکستان کو ریل انجن فراہمی اور معدنی وسائل میں تعاون کی امریکی پیشکش

واشنگٹن: امریکی انتظامیہ نے پاکستان کو امریکی ساختہ لوکوموٹیوز (ریل انجن) کی فراہمی اور ملک میں موجود معدنی وسائل کے شعبے میں تعاون کی پیشکش کی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق یہ بات چیت وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کے واشنگٹن دورے کے دوران آئی ایم ایف کے سالانہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔ امریکی خصوصی معاونین ریمونڈ ایموری کاکس اور رکی گِل نے پاکستانی وفد سے ملاقات میں تجارتی مفادات کے تحفظ کو ترجیح قرار دیا۔

ذرائع نے بتایا کہ رکی گِل نے پاکستان سے امریکی لوکوموٹیوز کی خریداری میں حمایت کی درخواست کی، جس کے لیے پہلے ہی ٹینڈر جاری کیا جا چکا ہے۔ چند سال قبل پاکستان نے امریکا سے 55 لوکوموٹیوز خریدے تھے۔ پاکستان ریلویز مالی مشکلات کا شکار ہے اور موجودہ لوکوموٹیوز کی مرمت اور بحالی پر انحصار کر رہا ہے۔ حال ہی میں 100 ڈیزل الیکٹرک لوکوموٹیوز کی مرمت کے منصوبے کی لاگت 16 ارب روپے تک پہنچ گئی۔

امریکی حکام نے پاکستان میں اہم معدنیات (کریٹیکل منرلز) کے شعبے میں تعاون پر بھی زور دیا۔ امریکی کانگریس نے دنیا بھر میں اہم معدنیات میں سرمایہ کاری کے لیے 135 ارب ڈالر کا فنڈ قائم کیا ہے، جبکہ یو ایس ایکسِم بینک نے بلوچستان میں ریکوڈک مائننگ کمپنی کے لیے 1.25 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کے سینئر عہدیدار تھامس لرستن نے معدنی ذخائر کے تخمینے، آف ٹیک معاہدوں اور تیز رفتار استخراج کے لیے تعاون کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے مصنوعی ذہانت (AI) کو بھی امریکی اسٹریٹجک ترجیح قرار دیا اور امکان ظاہر کیا کہ امریکی انڈر سیکریٹری برائے توانائی جیکب ہیلبَرگ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری رابرٹ کیپروتھ سے بھی ملاقات کی، جس میں ڈیجیٹل فنانس، اسٹیبل کوائن فریم ورک اور سرحد پار ڈیجیٹل تعاون میں دلچسپی کا اظہار کیا گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔