وسیم اکرم پاکستان سپر لیگ کے برانڈ ایمبیسیڈر مقرر

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے اعلان کیا ہے کہ سابق کپتان وسیم اکرم کو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کیا گیا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کے مطابق رواں سال ملتان سلطانز کو بورڈ کی جانب سے خود آپریٹ کیا جائے گا جبکہ فرنچائز کے ہیڈ کے نام کا اعلان آئندہ 8 سے 10 دن میں کر دیا جائے گا۔ پی ایس ایل کے اختتام کے بعد ملتان سلطانز کی نیلامی بھی کی جائے گی تاکہ فرنچائز کے مستقبل سے متعلق امور کو حتمی شکل دی جا سکے۔

پی سی بی کے مطابق پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے لیے 10 پارٹیوں نے بڈنگ کے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے اور 8 جنوری کو دو نئی ٹیموں کو فروخت کیا جائے گا۔ چیئرمین نے کہا کہ علی ترین اگر چاہیں تو نئی ٹیم خرید سکتے ہیں اور جب مالکان سامنے آئیں گے تو لیگ کی تاریخ کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ پی ایس ایل کو رواں سال 26 مارچ کے بجائے 23 مارچ سے شروع کرنے کی تجویز ہے، جو تمام فرنچائزز کی رضامندی کی صورت میں فائنل کی جائے گی۔ کھلاڑیوں کے میڈیکل معاملات کے لیے بیرون ملک سے ڈاکٹر بلائے گئے ہیں جبکہ انڈر 19 کرکٹرز کو پی سی بی خود سپورٹ کرے گا اور انہیں وظیفہ بھی دیا جائے گا۔ نوجوان کھلاڑیوں کو مستقبل کی بین الاقوامی کرکٹ کے لیے تیار کرنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔