واشنگٹن: امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی کے ساتھ ملاقات کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یوکرین امن منصوبے پر پیشرفت ہوئی ہے، تاہم کچھ اہم مسائل ابھی حل طلب ہیں۔
صدر ٹرمپ کے مطابق ملاقات میں امن منصوبے کے کئی نکات پر بات چیت ہوئی اور وہ سمجھتے ہیں کہ امن معاہدے کے حصول کے لیے بہت قریب پہنچ چکے ہیں۔ یوکرینی صدر زیلینسکی نے ملاقات کو اہم پیش رفت قرار دیا اور بتایا کہ 20 نکاتی امن منصوبہ 90 فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ امریکا کی جانب سے یوکرین کو دی جانے والی سکیورٹی ضمانتیں 100 فیصد طے ہو چکی ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ روس، امریکا اور یوکرین کے درمیان سہ فریقی ملاقات صحیح وقت پر ممکن ہے اور روسی صدر ولادیمیر پیوتن بھی اس ملاقات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ روسی صدر کے ساتھ فون پر دو گھنٹے تیس منٹ تک تفصیلی گفتگو ہوئی اور سہ فریقی ملاقات کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔
صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ ڈونباس میں فری ٹریڈ زون اور زمینوں کی حدود کے معاملات ابھی غیر حل شدہ ہیں، لیکن ان کے مطابق یہ مسائل بھی جلد طے پانے کے قریب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ چکا ہے کہ اس تنازع کو ختم کیا جائے اور یوکرین کا دورہ کرنے سے قبل امن معاہدہ طے پانا ترجیح ہے۔
ٹرمپ نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے یوکرینی پارلیمنٹ میں خطاب کی پیشکش کی ہے، جس کا جواب دیتے ہوئے صدر زیلینسکی نے کہا کہ امریکا کا ہمیشہ خوش آمدید کہا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos