ترکیہ میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام،21 صوبوں میں بیک وقت کریک ڈاؤن

ترکیہ میں سکیورٹی فورسز نے نئے سال کے موقع پر دہشت گردی کے ایک بڑے ممکنہ منصوبے کو ناکام بنا دیا۔ ملک بھر میں بیک وقت کی گئی وسیع کارروائیوں کے دوران دہشت گرد تنظیم داعش سے وابستہ سینکڑوں مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

ترک وزارتِ داخلہ کے مطابق انسدادِ دہشت گردی آپریشنز 21 صوبوں میں ایک ہی وقت میں کیے گئے، جن میں پولیس، انسدادِ دہشت گردی یونٹس اور انٹیلی جنس اداروں نے مشترکہ طور پر حصہ لیا۔ ان کارروائیوں کے نتیجے میں مجموعی طور پر 357 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد نئے سال کے موقع پر مختلف شہروں میں دہشت گردانہ حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ استنبول میں کی گئی کارروائیوں کے دوران 110 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا، جن کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ شہر میں حملوں کی تیاری میں مصروف تھے۔

اسی طرح انقرہ میں چیف پبلک پراسیکیوٹر آفس نے داعش سے وابستہ 17 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، جن میں 11 غیر ملکی شہری بھی شامل ہیں۔

ترک سکیورٹی حکام کے مطابق چند روز قبل بھی استنبول میں چھاپوں کے دوران داعش کے 100 سے زائد مشتبہ ارکان کو گرفتار کیا گیا تھا۔ حالیہ آپریشنز کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور دیگر مشکوک مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ ترکیہ دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے اور کسی بھی شدت پسند تنظیم کو ملک میں سرگرمیوں کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکام کے مطابق بروقت اور مؤثر حکمت عملی کے باعث ملک کو ایک بڑے ممکنہ سانحے سے محفوظ رکھا گیا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔