نیویارک میں تاریخ رقم،پہلے مسلم میئرقرآنِ پاک پر حلف اٹھائیں گے

نیویارک میں نئی تاریخ رقم ہونے جا رہی ہے جہاں شہر کے نو منتخب میئر زہران ممدانی قرآنِ پاک پر حلف اٹھا کر عہدہ سنبھالیں گے۔ وہ نیویارک کے پہلے مسلم میئر ہیں جو یکم جنوری 2026 کو دو مرحلوں پر مشتمل تقریب میں ذمہ داری سنبھالیں گے۔

ذرائع کے مطابق حلف برداری کی سرکاری تقریب میں زہران ممدانی اپنے دادا کے قرآنِ کریم پر حلف لیں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ ایک اور تاریخی قرآنِ پاک پر بھی حلف اٹھائیں گے جو معروف سیاہ فام مورخ اور ادیب آرتورو شومبرگ کی ذاتی لائبریری کا حصہ تھا۔ یہ قرآنِ پاک نیویارک پبلک لائبریری کی جانب سے خصوصی طور پر فراہم کیا گیا ہے اور شہر کی ثقافتی و تاریخی تنوع کی علامت سمجھا جا رہا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ آرتورو شومبرگ خود مسلمان نہیں تھے، تاہم سیاہ فام تاریخ اور ثقافت کے بڑے محقق کے طور پر ان کا مقام مسلمہ ہے۔

دن کے وقت سٹی ہال کے باہر ایک عوامی تقریب بھی منعقد کی جائے گی جہاں زہران ممدانی دوبارہ قرآنِ کریم پر حلف اٹھائیں گے۔ اس موقع پر امریکی سینیٹر برنی سینڈرز ان سے عہدے کا حلف لیں گے۔ تقریب میں موجودہ میئر ایرک ایڈمز، ارکانِ کانگریس اور مختلف سیاسی و سماجی شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔

زہران ممدانی کا کہنا ہے کہ یہ موقع نہ صرف ان کے لیے بلکہ نیویارک میں بسنے والے لاکھوں مسلمانوں کے لیے بھی باعثِ فخر ہے۔ ان کے مطابق وہ چاہتے ہیں کہ مسلمانوں کو بھی دیگر شہریوں کی طرح برابری، احترام اور اعتماد کے ساتھ دیکھا جائے۔

یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ نیویارک کے سابق میئرز بھی مختلف تاریخی اور ذاتی اہمیت کی حامل مذہبی کتابوں پر حلف اٹھاتے رہے ہیں۔ ایرک ایڈمز نے خاندانی بائبل، بل ڈی بلیزیو نے صدر فرینکلن ڈی روزویلٹ کی بائبل جبکہ مائیکل بلومبرگ نے اپنی بار مٹزوہ میں استعمال ہونے والی یہودی بائبل پر حلف لیا تھا۔

زہران ممدانی نیویارک سٹی کی تاریخ کے پہلے میئر ہوں گے جو قرآنِ پاک پر حلف اٹھائیں گے، اور اسی کے ساتھ وہ شہر کے پہلے مسلم میئر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔