فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

ایران میں خو نریز مظاہرے جاری ، جھڑپوں میں 7افراد ہلاک

تہران: ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری احتجاج کے دوران سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم 7 افراد ہلاک ہو گئے۔دو ہلاکتیں، بدھ کو اور پانچ جمعرات کو چار شہروں میں ہوئیں جبکہ مظاہروں کے دوران 119افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق مغربی ایران کے مختلف شہروں میں ہونے والے تصادم میں ہلاک ہونے والوں میں ایک سکیورٹی اہلکار بھی شامل ہے۔

نیم سرکاری خبر رساں ادارے فارس کے مطابق صوبہ چهارمحال و بختیاری کے شہر لردگان میں دو شہری سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپوں کے دوران مارے گئے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق صوبہ لورستان کے شہر کوہدشت میں بسیج فورس کا ایک 21 سالہ اہلکار ہلاک ہوا، جسے حکام نے مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کے دوران جان سے ہاتھ دھونے والا قرار دیا۔

دوسری جانب انسانی حقوق کی تنظیم ہینگاؤ کا کہنا ہے کہ لردگان میں سیکیورٹی فورسز کی فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک اور زخمی ہوئے، جبکہ کوہدشت میں مرنے والا شخص ایک مظاہرہ کرنے والا نوجوان تھا۔ ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

احتجاج کا آغاز اتوار کے روز تہران میں تاجروں کی ہڑتال سے ہوا، جو مہنگائی، معاشی جمود اور ایرانی کرنسی کی قدر میں شدید کمی کے خلاف تھا۔ بعد ازاں یہ مظاہرے دیگر بڑے شہروں تک پھیل گئے اور کم از کم 10 جامعات کے طلبہ بھی احتجاج میں شامل ہو گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔