وینزویلا کی نائب صدرکو عارضی طور پر صدارتی اختیارات سنبھالنے کا حکم

ویانا: وینزویلا کی سپریم کورٹ نے نائب صدر ڈیلسی روڈریگز کو عارضی طور پر صدر کے فرائض سنبھالنے کا حکم دے دیا ہے۔ عدالت کے حکم کے مطابق ڈیلسی کو انتظامی تسلسل اور ملک کے دفاع کو یقینی بنانے کے لیے صدارتی دفتر سے وابستہ تمام اختیارات استعمال کرنے کا حق حاصل ہوگا۔

عدالت نے موجودہ صدر نکولس مادورو کو مستقل طور پر عہدے سے ہٹانے سے گریز کیا کیونکہ اس صورت میں 30 دن کے اندر نئے انتخابات کرانا لازمی ہوتا۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ جب تک وینزویلا میں اقتدار کی محفوظ منتقلی ممکن نہیں ہو جاتی، امریکہ ملک میں اپنا کردار ادا کرے گا اور امریکی تیل کمپنیاں وہاں کام کریں گی۔ تاہم قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے امریکی دعوے کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ وینزویلا کسی بھی ملک کی کالونی نہیں بنے گا اور صدر مادورو ہی ملک کے قانونی صدر ہیں۔

نائب صدر ڈیلسی نے قوم سے خطاب میں کہا کہ وہ وینزویلا کو دوبارہ عظیم بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ملک کے داخلی امور میں کسی بیرونی مداخلت کو قبول نہیں کریں گی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر نے ڈیلسی کو بطور صدر حلف اٹھانے کی بات کی تھی، جسے ڈیلسی نے مارکو روبیو سے بات کرتے ہوئے تسلیم کیا۔

 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔