نائجیریا کی ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی نے لاگوس کی مرکزی بندرگاہ پر کارروائی کرتے ہوئے ایک تجارتی جہاز سے 31 کلوگرام سے زائد کوکین برآمد کر لی اور جہاز پر سوار بھارتی عملے کے 22 افراد کو حراست میں لے لیا۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد میں جہاز کا ماسٹر بھی شامل ہے، جبکہ باقی 21 افراد کو مزید تفتیش کے لیے لاگوس کے اسٹیٹ کریمنل انویسٹی گیشن ڈیپارٹمنٹ منتقل کر دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 جنوری 2026 کو لاگوس کی اہم بندرگاہ پر ایم وی آروانا ہولیا نامی جہاز کی تلاشی کے دوران 31.5 کلوگرام کوکین برآمد ہوئی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ جہاز مارشل آئی لینڈز سے روانہ ہوا تھا۔ گرفتار افراد میں جہاز کے ماسٹر شرما ششی بھوشن سمیت 21 دیگر بھارتی عملے کے ارکان شامل ہیں۔
ڈرگ انفورسمنٹ ایجنسی کے مطابق یہ واحد کارروائی نہیں۔ دسمبر 2025 میں بھی لاگوس کی ایک کورئیر کمپنی سے کیٹامین، ایکسٹسی اور ٹراماڈول کی بڑی مقدار برآمد کی گئی تھی، جو زیمبیا اور برطانیہ بھیجی جا رہی تھی۔
اس سے قبل نومبر میں ایجنسی نے 20 فلپائنی بحری عملے کے افراد کو بھی گرفتار کیا تھا، جو برازیل سے کم از کم 20 کلوگرام کوکین لے کر آ رہے تھے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos