ٹوکیو: جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو کے مشہور تویوسو فش مارکیٹ میں سال 2026 کی پہلی نیلامی کے دوران بلیوفِن ٹونا مچھلی کی ریکارڈ قیمت نے سب کو حیران کر دیا۔ 243 کلوگرام وزنی (535 پاؤنڈ) دیو قامت بلیوفِن ٹونا 510 ملین ین (تقریباً 32 لاکھ ڈالر) میں فروخت ہوئی، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 90 کروڑ روپے بنتی ہے۔ یہ اب تک کی سب سے مہنگی ٹونا نیلامی سمجھی جا رہی ہے۔
خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق پیر کی علی الصبح ہونے والی اس نیلامی میں سب سے بڑی بولی کییومورا کارپوریشن نے لگائی، جس کے مالک کییوشی کیمورا جاپان میں مشہور سوشی چین “سوشی زانمائی” چلاتے ہیں۔ کیمورا اس سے قبل بھی کئی مرتبہ سال کی پہلی نیلامی میں سب سے مہنگی ٹونا خرید چکے ہیں، تاہم اس بار انہوں نے اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ اس سے پہلے 2019 میں انہوں نے 334 ملین ین کی بولی لگا کر ریکارڈ قائم کیا تھا۔
نیلامی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کییوشی کیمورا نے کہا کہ وہ اس مچھلی کو کچھ کم قیمت میں خریدنے کی امید کر رہے تھے، مگر بولی اس قدر تیزی سے بڑھی کہ اندازہ ہی نہ ہو سکا۔ ان کے بقول، اچھی ٹونا دیکھ کر خود کو روکنا مشکل ہو جاتا ہے۔
نیلامی کا آغاز گھنٹی بجنے کے ساتھ ہوا، جس کے بعد مارکیٹ کے فرش پر قطار در قطار ٹارپیڈو نما ٹونا مچھلیاں رکھی گئیں۔ ان مچھلیوں کی دمیں کاٹ دی گئی تھیں تاکہ خریدار گوشت کے رنگ، ساخت اور چکنائی کا بغور جائزہ لے سکیں۔ خریدار قطاروں کے درمیان چلتے ہوئے مچھلیوں کا معائنہ کرتے رہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos