عمان میں کرایہ داروں اور مالکان کے حقوق کو منظم کرنے کے لیے کرایہ داری سے متعلق نیا قانون عملی طور پر نافذ کر دیا گیا ہے، جس پر تمام رہائشی، تجارتی اور صنعتی جائیدادوں کے مالکان کے لیے عمل درآمد لازم ہوگا۔
نئے قانون کے تحت کرایہ داری کے تنازعات کے حل کے لیے ایک مکمل طور پر ڈیجیٹل اور کمپیوٹرائزڈ نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے درخواستوں کی وصولی، سماعت اور فیصلے کا عمل انجام دیا جائے گا۔ اس نظام میں سرکاری فیس کی ادائیگی بھی شامل ہوگی۔
وزارتِ داخلہ کی جانب سے جاری کیے گئے ضوابط کے مطابق کرایہ دار اور مالک مکان کے درمیان تنازعات کو نمٹانے کے لیے ایک باضابطہ قانونی فریم ورک قائم کیا گیا ہے، جو دیوانی و تجارتی قوانین، قانونِ شہادت اور لین دین سے متعلق موجودہ قوانین کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے۔
نئے طریقۂ کار کے مطابق کرایہ داری تنازعات کے حل کے لیے درخواستیں ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے متعلقہ کمیٹی کو جمع کرائی جائیں گی، جن کے ساتھ تمام ضروری دستاویزات، فریقین کی رابطہ معلومات اور سرکاری فیس کی ادائیگی کا ثبوت فراہم کرنا لازمی ہوگا۔
قواعد کے تحت مقدمات سے متعلق دستاویزات تک رسائی، ان کی ترسیل یا نقول بنانے کے لیے کمیٹی کے چیئرمین کی اجازت درکار ہوگی، جبکہ عدالتی کارروائی کو الیکٹرانک منٹس کی صورت میں محفوظ کیا جائے گا۔
فیصلے کے مطابق کمیٹی کا سیکریٹری درخواست موصول ہونے کے سات دن کے اندر کیس کو سماعت کے لیے شیڈول کرنے کا پابند ہوگا، جبکہ فریقین کو سماعت کی تاریخ سے متعلق اطلاع ای میل کے ذریعے دی جائے گی۔ ضرورت پڑنے پر چیئرمین فریقین کی ذاتی حاضری بھی طلب کر سکتا ہے۔
یہ قانون عمان میں ڈیجیٹل حکومتی نظام اور تنازعات کے تیز تر و مؤثر حل کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos