وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی مبینہ گرفتاری نے ایک تاجر کے لیے غیرمعمولی مالی فائدہ ثابت ہوئی ہے۔ امریکی فوج کی کارروائی سے قبل شرط لگانے والے ایک شخص نے چند دنوں میں لاکھوں ڈالر منافع کما لیا، جس کے بعد امریکا میں اندرونی معلومات کے ممکنہ غلط استعمال پر بحث شروع ہو گئی ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس تاجر نے پولی مارکیٹ نامی آن لائن پلیٹ فارم پر ایسی پیش گوئیوں پر شرط لگائی تھی جن کا تعلق مادورو کے اقتدار سے ہٹائے جانے اور امریکی فوجی مداخلت سے تھا۔ اس وقت ان امکانات کو انتہائی کم سمجھا جا رہا تھا اور ان شرطوں کی مجموعی مالیت صرف 34 ہزار ڈالر کے قریب تھی۔
جیسے ہی امریکی فوجی کارروائی اور مادورو کی گرفتاری کی خبر سامنے آئی، ان شرطوں کی قیمت میں اچانک نمایاں اضافہ ہو گیا۔ اس غیرمتوقع تبدیلی کے نتیجے میں تاجر کو تقریباً 4 لاکھ 10 ہزار ڈالر کا منافع حاصل ہوا۔
رپورٹ کے مطابق مذکورہ اکاؤنٹ گزشتہ ماہ ہی بنایا گیا تھا اور ابتدا میں تاجر نے محض 96 ڈالر کی شرط لگائی تھی کہ اگر امریکا جنوری کے اختتام تک وینزویلا میں فوجی کارروائی کرتا ہے تو اسے ادائیگی ملے گی۔ بعد ازاں اس نے اسی نوعیت کی مزید شرطیں بھی لگائیں، جو بعد میں انتہائی منافع بخش ثابت ہوئیں۔
دوسری جانب مادورو کی گرفتاری کی خبروں کے بعد عالمی مالیاتی منڈیوں میں بھی تیزی دیکھی گئی۔ اسٹاک مارکیٹس میں بہتری آئی، تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا اور توانائی کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں کے حصص مضبوط ہوئے۔ اس کے علاوہ وینزویلا کے سرکاری بانڈز کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، کیونکہ سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ اب ملک کے قرضوں کی تنظیم نو کے امکانات بہتر ہو گئے ہیں۔ حکومت اور سرکاری تیل کمپنی پی ڈی وی ایس اے کے بانڈز کی قیمتوں میں تقریباً 30 فیصد تک اضافہ دیکھا گیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos