ملکی خودمختاری، سلامتی اور اندرونی استحکام کا دفاع کریں گے،چیف آف ڈیفنس فورسز

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، NI (M)، HJ، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز نے لاہور گیریژن کا دورہ کیا جہاں انہیں فارمیشن کی آپریشنل تیاریوں، تربیتی معیار اور جنگی صلاحیت میں بہتری کے اقدامات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک خصوصی فیلڈ ٹریننگ مشق کا مشاہدہ کیا، جس میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور فوج کی جدت طرازی کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا گیا۔ مشق کا مقصد مستقبل کے متحرک اور پیچیدہ میدانِ جنگ سے ہم آہنگ تیاریوں کو جانچنا تھا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے فوجیوں کو فراہم کی جانے والی کھیلوں اور تفریحی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور جسمانی فٹنس، حوصلے اور مجموعی صحت کی اہمیت پر زور دیا۔

اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سی ایم ایچ لاہور میں قائم جدید ہائی کیئر سینٹر کا دورہ بھی کیا، جہاں انہوں نے طبی عملے اور انتظامیہ کی جانب سے معیاری اور جدید سہولیات کی فراہمی کی کوششوں کو سراہا۔

افسران سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے کے خلاف پاک فوج کی زیرو ٹالرنس پالیسی کو دہرایا اور کہا کہ پاک فوج پوری توجہ، پیشہ ورانہ مہارت اور عزم کے ساتھ کثیرالجہتی چیلنجز کا مقابلہ کر رہی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج ملک کی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور اندرونی استحکام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گی۔

قبل ازیں لاہور گیریژن پہنچنے پر کور کمانڈر لاہور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔