انقرہ: بحیرہ اسود میں روس کی جانب جانے والے ایک آئل ٹینکر پر ڈرون حملہ ہوا ہے، جس کے بعد جہاز نے ترک کوسٹ گارڈ سے مدد طلب کی اور اپنا راستہ تبدیل کر لیا۔ یہ بات خبر ایجنسی روئٹرز کو لائیڈز لسٹ انٹیلی جنس کی رپورٹ اور ایک علیحدہ میری ٹائم سیکیورٹی ذریعے نے بتائی ہے۔
لائیڈز لسٹ انٹیلی جنس کے مطابق پالاؤ کے پرچم تلے چلنے والے آئل ٹینکر البس (Elbus) کو بغیر عملے والی سمندری گاڑی اور ڈرون کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس میں جہاز کے انجن روم کو ہدف بنایا گیا۔ رپورٹ کے مطابق جہاز پر سوار 25 رکنی عملے میں کوئی زخمی نہیں ہوا اور نہ ہی کسی قسم کی تیل کی آلودگی سامنے آئی ہے۔
سکیورٹی ذریعے نے بھی اس واقعے کو ڈرون حملہ قرار دیا ہے، تاہم یہ واضح نہیں ہو سکا کہ حملہ کس نے کیا یا اس کے پیچھے کون تھا۔
گزشتہ نومبر کے آخر میں بحیرہ اسود میں یوکرینی بحری ڈرونز کے ذریعے روس جانے والے دو آئل ٹینکروں پر حملوں کے بعد شپنگ انشورنس کی شرحوں میں اضافہ ہوا تھا۔ ان واقعات کے بعد ماسکو نے جوابی کارروائی کی دھمکی دی تھی جبکہ ترکی نے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی تھی۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos