کراچی: پی ایس ایل کی ساتویں ٹیم ’حیدر آباد‘ ایف کے ایس گروپ کے فواد سرور نے کہا کہ ’ہم ایک ہی مائنڈ سیٹ سے آئے تھے کہ حیدرآباد ہی لینی ہے اور لے کے جانی ہے۔
ایف کے ایس گروپ ایک متنوع سرمایہ کاری گروپ ہے جو شمالی امریکہ میں کرکٹ کی مختلف ٹیموں کا مالک ہے۔ گروپ کے پاس ڈی ایف ڈبلیو کنگز مین اور کنگز مین ایکس جیسی ٹیمیں شامل ہیں۔
انھوں نے کہا کہ ’ہم ایک عرصے سے انتظار کر رہے تھے۔ میں اور میری بہن حیدر آباد میں ہی پلے بڑھے اور میں نے 10ویں جماعت تک وہیں تعلیم حاصل کی اور میرے والد صاحب فتح ملز میں کام کرتے تھے۔‘
انھوں نے کہاکہ میں بچپن سے ہی کرکٹ کھیلتا آیا ہوں میں نے 1992 میں حیدر آباد کے ارباب نیاز سٹیڈیم میں پاکستان اور سری لنکا کے خلاف میچ دیکھا تھا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ حیدر آباد سٹیڈیم کی تعمیرِ نو کے بارے میں بھی منصوبہ رکھتے ہیں، تو انھوں نے کہا کہ ’کیا پی سی بی ہمیں اجازت دے گا کہ ہم گراؤنڈ کا انفراسٹرکچر بہتر کر سکیں، کیونکہ یہ ہمارے لیے بہت اہم ہے۔ ہم پہلے ہی ہیوسٹن میں ایک سٹیڈیم تعمیر کر چکے ہیں، ویگس میں تعمیر کر رہے ہیں۔
’اس لیے ہمارے پاس اس کا تجربہ بھی ہے اور انفراسٹرکچر کے بغیر چیزیں مشکل ہو جاتی ہیں۔انھوں نے کہا کہ ہم نے نام پہلے سے سوچا ہوا ہے لیکن اس موقع پر بتا نہیں سکتے۔
سیاکوٹ ٹیم خریدنے والے اوزی ڈویلپرز کے حمزہ مجید کا کہنا ہے کہ ’یہی سوچ کر آیا تھا کہ کچھ جیت کر نکلنا ہے۔
آسٹریلیا میں قائم اوزی گروپ پہلی بار کرکٹ کے میدان میں قدم رکھ رہا ہے۔ گروپ کے سربراہ کے مطابق وہ دو برس قبل اپنے کاروبار اور خاندان کے ساتھ پاکستان منتقل ہوئے تھے۔ ’اوزی‘ کا نام آسٹریلوی معاشرتی اصطلاح سے ماخوذ ہے۔
انھوں نے بتایا کہ وہ اور ان کی ٹیم تقریباً ڈھائی سالوں سے پلاننگ کر رہے تھے۔
حمزہ کے مطابق ان کا تعلق لاہور سے ہے اور انھیں پنجابی ہونے پر فخر ہے۔ انھوں نے پوری زندگی ملک سے باہر گزاری ہے اور 2023 میں وہ پاکستان واپس آئے اور تب سے یہیں مقیم ہیں۔ ان کے مطابق وہ پاکستانی معیشت میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم سب کو کرکٹ کا پریشر پسند ہے اور سیالکوٹ میں کرکٹ کا جنون ناقابلِ یقین ہے۔
حمزہ کہتے ہیں کہ اس شہر کے لوگوں نے ’ایئر پورٹ اور ایئر لائن پہلے ہی بنا لی تھی۔ اب ہم نے انھیں کرکٹ ٹیم بھی گفٹ کر دی ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی کسی خاص کھلاڑی پر نظر ہے تو حمزہ کا کہنا تھا کہ ٹیم کے نام سمیت یہ سب وہ وقت آنے پر ظاہر کریں گے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos