امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ وہ اگلے ہفتے ڈنمارک کے حکام سے ملاقات کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق روبیو نے امریکی قانون سازوں کے ایک منتخب گروپ کو بتایا کہ یہ ریپبلکن انتظامیہ کا ارادہ ہے کہ وہ بالآخرفوجی طاقت استعمال کرنے کے برعکس گرین لینڈ کو خریدے ۔
گرین لینڈ کی سرکاری ویب سائٹ پرپوسٹ کیے گئے ایک بیان کے مطابق، ڈنمارک کے وزیر خارجہ لارس لوکے راسموسن اور ان کے گرین لینڈ کے ہم منصب ویوین موٹزفیلڈ نے روبیو سے ملاقات کی درخواست کی تھی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ میٹنگ کے لیے پچھلی درخواستیں کامیاب نہیں ہوئیں۔
واشنگٹن میں ڈنمارک اور گرین لینڈ کے سفیروں نے امریکی قانون سازوں کے ساتھ ساتھ ٹرمپ انتظامیہ کے اہم عہدیداروں پر زور دینے کی بھرپور کوششیں شروع کر دی ہیں کہ وہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تزویراتی آرکٹک جزیرے کو ٹیک اوورکرنے کے مطالبے سے پیچھے ہٹ جائیں۔ڈنمارک کے سفیر جیسپر مولر سورنسن، اور واشنگٹن میں گرین لینڈ کے چیف نمائندے جیکب اسبوستھسن نے جمعرات کو وائٹ ہاؤس کی قومی سلامتی کونسل کے اہلکاروں سے ملاقات کی تاکہ ٹرمپ کی جانب سے، ممکنہ فوجی طاقت کے ذریعے، گرین لینڈ کو حاصل کرنے کے لیے ایک نئے دباؤ پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔
سفیروں نے اس ہفتے امریکی قانون سازوں کے ساتھ ملاقاتوں کا ایک سلسلہ بھی منعقد کیا ہے کیونکہ وہ ٹرمپ کو اپنی دھمکی سے دستبردار ہونے پر راضی کرنے میں مدد حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos