ہرہفتے ملازمین کو 3ہزار ڈالر کا لنچ دینے والا انوکھا باس

لاس اینجلس کے سی ای او جون ہو نے اپنے ملازمین کے لیے ہر ہفتے تقریباً 3 ہزار ڈالر خرچ کر کے 30 رکنی ٹیم کو خصوصی لنچ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ خرچ محض خوشی کے لیے نہیں بلکہ ملازمین میں اعتماد اور ٹیم ورک کو مضبوط کرنے کی بہترین سرمایہ کاری ہے۔

جون ہو نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ "اعلیٰ کارکردگی والی ٹیم وہی ہوتی ہے جو خود کو اچھا محسوس کرتی ہو”۔ ان کے مطابق محض دباؤ یا سخت نظم و ضبط ٹیم کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے کافی نہیں، بلکہ ایسا ماحول چاہیے جہاں لوگ اپنی صلاحیت کے مطابق بہترین کام کر سکیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ٹیم کے ساتھ بیٹھ کر وقت گزارنا، ایک ساتھ کھانا کھانا اور تعلقات مضبوط کرنا کمپنی کے لیے حقیقی سرمایہ کاری ہے۔ پوسٹ میں شامل تصاویر میں جون ہو اپنی ٹیم کے ساتھ خوشگوار ماحول میں نظر آئے، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ صرف باتوں تک محدود نہیں ہیں بلکہ عملی اقدامات بھی کر رہے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین نے ان کی اس سوچ کو سراہا اور کہا کہ ٹیم کے ساتھ غیر رسمی تعلقات اور قدر دانی ادارے کی کامیابی کے لیے ناگزیر ہیں۔ سابق مینیجرز نے بھی کہا کہ ملازمین کے ساتھ وقت گزارنا اور انہیں اہم محسوس کرانا کسی بھی لیڈر کی سب سے بڑی سرمایہ کاری ہے۔

جون ہو نے یونیورسٹی آف نارتھ کیرولائنا سے تعلیم حاصل کی اور بعد ازاں اسٹینفورڈ گریجویٹ اسکول آف بزنس سے اعلیٰ تعلیم مکمل کی۔ ان کا کیریئر گولڈمین سیچ میں انویسٹمنٹ بینکنگ اینالسٹ کے طور پر شروع ہوا اور 2021 میں انہوں نے اپنی کمپنی قائم کی، جہاں وہ اب سی ای او کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔

ان کے اقدامات نے مثبت سوچ کو فروغ دیا ہے اور یہ واضح کیا ہے کہ کامیاب ادارے عمارتوں یا سہولیات سے نہیں بلکہ انسانوں کی قدر اور ٹیم ورک سے بنتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔