فوٹو سوشل میڈیا
فوٹو سوشل میڈیا

ایران نے حکومت مخالف مظاہروں کا ملبہ اسرائیل پر ڈال دیا

تہران: ایران کی شوریٰ عالی امنیت ملی (سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل) نے اسرائیل پر الزام عائد کیا ہے کہ ملک میں ہونے والے حکومت مخالف مظاہروں کو اسرائیل کی پشت پناہی حاصل ہے۔

ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹریٹ نے گزشتہ شب مختلف شہروں میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد بیان جمعے کے روز جاری کیا ہے۔

بیان کے مطابق ’ایران کے حالیہ واقعات اگرچہ ابتدا میں معاشی مطالبات اور احتجاج سے شروع ہوئے تھے لیکن اب اسرائیلی رہنمائی اور منصوبہ بندی کے تحت یہ احتجاج ملک میں بدامنی پیدا کرنے کی کوشش میں بدل گیا ہے۔‘

جمعے کے روز جاری اعلامیے میں مزید کہا کہ ’جو لوگ معاشی حالات پر احتجاج کر رہے تھے وہ ایسا کوئی اقدام نہیں کریں گے جس سے معاشی نقصان بڑھے یا اس میں بدامنی شامل ہو۔‘

بیان میں سیکیورٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی موجودگی کو نظم و ضبط قائم رکھنے اور بدامنی روکنے سے جوڑا گیا ہے۔

بیان کے مطابق یہ فورسز عوام کے ساتھ مل کر ’اسرائیل اور امریکہ کے بدامنی کے منصوبوں کو ناکام بنائیں گی۔ حکومتی عہدیداروں نے زور دیا ہے کہ مظاہرین اور ’فسادیوں‘ میں فرق کیا جائے۔

واضح رہے کہ ایران میں جاری مظاہرے 13 روز قبل تہران سے شروع ہوئے تھے۔ ایرانی کرنسی کی قدر میں ہونے والی کمی پر عوامی غصے نے مظاہروں کو جنم دیا ہے، جو انسانی حقوق کے گروپوں کے مطابق ملک کے تمام 31 صوبوں کے 100 سے زائد شہروں اور قصبوں تک پھیل چکے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔