واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ نہیں چاہتے کہ روس یا چین گرین لینڈ پہنچیں، اس لیے امریکا کو اس پر کنٹرول حاصل کرنا چاہیے۔
وائٹ ہاؤس میں تیل کمپنیوں کے ایگزیکٹوز سے ملاقات کے دوران صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ امریکا گرین لینڈ پر کچھ نہ کچھ کرے گا، چاہے ڈنمارک یا مقامی حکام اسے پسند کریں یا نہ کریں، کیونکہ یہ آرکٹک خطے میں اسٹریٹجک اہمیت رکھتا ہے۔
ٹرمپ نے ڈنمارک کے حکام پر الزام عائد کیا کہ وہ گرین لینڈ کے گرد سمندری حدود کی مناسب حفاظت کرنے میں ناکام رہے ہیں، تاہم مقامی سیاستدانوں نے اس دعوے کو مسترد کیا ہے۔
صدر نے مزید کہا کہ امریکا روس یا چین کو گرین لینڈ پر قبضہ کرنے نہیں دے گا اور اگر آسان طریقے سے کام نہیں ہوا تو پھر مشکل طریقے سے اس معاملے کو حل کیا جائے گا۔ انہوں نے روس اور چین کے عوام کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان سے محبت کرتے ہیں، تاہم عالمی سکیورٹی کے حوالے سے امریکا محتاط رہے گا۔
ٹرمپ کے مطابق امریکا کے لیے گرین لینڈ پر کنٹرول اس لیے ضروری ہے تاکہ آرکٹک خطے میں روس اور چین کو اپنے پڑوسی کے طور پر قبول نہ کرنا پڑے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos