امریکہ کی بروکلین جیل سے ، وینزویلا کے صدر نکولس مادورو نے تصدیق کی ہے کہ وہ خیریت سے ہیں اور غمگین نہیں۔ یہ بات ان کے صاحبزادے نکولس مادورو گویرا نے بتائی جو پارلیمنٹ کے رکن ہیں۔
نکولس مادورو گویرا نےایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ وکلا نے انہیں آگاہ کیا ہے کہ ان کے والد مضبوط حوصلے کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا ہےکہ ہم غمگین نہیں جس میں ان کی اہلیہ سیلیا فلوریز بھی شامل ہیں ،ہم خیریت سے ہیں اور ہم لڑیں گے۔
مادورو گوریرا نے کہا کہ ان کے والد ٹوٹنے والے نہیں اور حکومت اور اس کے حامی متحد اور مضبوط کھڑے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ شاویزموکی طاقت اتحاد میں مضمر ہے۔ادھر
قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے مادورو اور فلورس کی واپسی کو یقینی بنانے کا وعدہ کیا۔
ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، وینزویلا کی عبوری صدر نے کہا کہ ملکی قیادت یا گورننگ کے بارے میں کوئی غیر یقینی صورتحال نہیں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک مادورو وینزویلا میں واپس نہیں آئیں گے ہم ایک لمحے کوبھی چین سے نہیں بیٹھیں گے۔
خاتون صدر نے زور دیا کہ وینزویلا کے لوگ فرض شناسی کا دامن تھامے رکھیں۔انہوں نے امن، استحکام اور قوم کے مستقبل کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos