کراچی:زنجیروں میں جکڑی خاتون بازیاب،سابق شوہر پر مقدمہ درج

کراچی: ڈیفنس فیز فائیو کے علاقے میں پولیس نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ایک فلیٹ سے زنجیروں میں جکڑی خاتون کو بازیاب کرا لیا۔ خاتون شیریں جناح کالونی کی رہائشی ہیں اور انہیں عمارت کی تیسری منزل کے ایک کمرے میں قید کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ سابق شوہر محمد لطیف نے بچوں کے خرچ کے معاملے پر بات کرنے کے بہانے خاتون کو فلیٹ بلایا اور اپنے ساتھی امان شہزاد کے ساتھ مل کر اسے زنجیروں میں جکڑ دیا۔ دونوں ملزمان موقع سے فرار ہو گئے۔

متاثرہ خاتون کے مطابق علیحدگی کے باوجود سابق شوہر نے دوبارہ رابطہ کیا اور مالی معاملات کے حل کے لیے ملاقات کا بہانہ بنایا، جہاں اسے قید کر دیا گیا۔ دوران قید امان شہزاد نے خاتون پر تشدد بھی کیا۔

پڑوسیوں نے خاتون کی چیخ و پکار سن کر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس موقع پر پہنچ کر فلیٹ کا تالا توڑ کر خاتون کو زنجیروں سے آزاد کرایا۔

درخشاں تھانے میں خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جس میں سابق شوہر اور اس کے ساتھی پر اغوا، غیر قانونی حراست اور تشدد کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ واقعے کی تفصیلی تفتیش سینٹرلائزڈ انویسٹی گیشن سیل درخشاں کے حوالے کر دی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔