میرا سرکاری پاسپورٹ بلاک کیا گیا ہے،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

کراچی: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا سرکاری پاسپورٹ بلاک کر دیا گیا ہے، جو آئین و قانون کی صریح خلاف ورزی ہے اور اس طرزِ عمل سے ریاستی اداروں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

کراچی میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ججز نے اپنے احکامات میں قائد سے ملاقات کی اجازت دی، مگر جیل سپرنٹنڈنٹ نے عدالتی فیصلے کو نظرانداز کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ صرف ان کی نہیں بلکہ عدلیہ کی توہین ہے۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ جب تک وکلا آئین و عدلیہ کے تحفظ کے لیے کھڑے نہیں ہوں گے، عدلیہ آزاد نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں سندھ ہائی کورٹ بار نے ہر مشکل وقت میں آئین کا ساتھ دیا۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک کی معاشی صورتحال تشویشناک ہے، نوجوان تیزی سے ملک چھوڑ رہے ہیں اور 45 فیصد سے زائد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، جبکہ بے روزگاری کی شرح 7 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حکمرانوں کو عوام کے مسائل کے بجائے صرف اقتدار کی فکر ہے۔

انہوں نے سندھ کے عوام کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کراچی میں تمام قومیتوں اور مکاتبِ فکر کے لوگ بستے ہیں اور سندھیوں نے ہمیشہ سب کو عزت اور جگہ دی ہے۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ آئین شہریوں کو آزادانہ نقل و حرکت اور اظہارِ رائے کا حق دیتا ہے، مگر آج آئین کو پامال کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے ووٹ کی توہین کی گئی اور آئین کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔

صدر کراچی بار عامر نواز وڑائچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وکلا نے ہمیشہ آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بار ایسوسی ایشن کسی سیاسی جماعت کی حمایت نہیں کرتی بلکہ آئین اور رول آف لا کے لیے کھڑی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسی آئینی ترامیم قبول نہیں کی جائیں گی جو عدلیہ کو کمزور کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔