تصویر: محکمہ اطلاعات راولپنڈی

راولپنڈی میں بسنت کہاں منائی جائے؟اہم اجلاس کے دوران 2مقامات پرغور

ڈائریکٹر جنرل راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کنزہ مرتضی کی ہدایت پر بسنت بہار میلے کے انعقاد کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے محمد انور باران کی صدارت میں منعقد ہوا۔ چیف پلانر آر ڈی اے محمد طاہر میو، ڈپٹی ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز حافظ محمد عرفان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پبلک ایلیشنز عبدالرحمن، پی ٹی وی اور نیشنل کالج آف آرٹس کے نمائندوں شہباز احمد، شفیق اللہ کے علاوہ اور دیگر متعلقہ نے شرکت کی۔ اس بات پر زور دیا کہ آر ڈی اے ایک منظم اور ذمہ دارانہ انداز میں ثقافتی روایات کو بحال کرنے کے لیے پرعزم ہے، اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ تہواروں سے عوامی تحفظ یا امن و امان پر کوئی سمجھوتہ نہ ہو۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بسنت بہار میلے میں صرف فیملیز کو داخلے کی اجازت دی جائے گی اور اس مقصد کے لیے انٹری پاس جاری کیے جائیں گے۔ بسنت بہار میلے کے مقام کے حوالے سے بھی غور کیا گیا، جس کے تحت رنگ روڈ یا لیاقت باغ میں میلہ منعقد کرنے کے حوالے سے جلد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ایڈیشنل ڈی جی نے اس موقع پر کہا کہ بسنت بہار میلہ شروع کرنے سے قبل پتنگ بازی میں استعمال ہونے والی ڈورز کو مکمل طور پر چیک کیا جائے گا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پتنگ بازی کو محفوظ اور منظم بنانے کے لیے محکمہ داخلہ نے پتنگ اور ڈور تیار کرنے والوں، فروخت کنندگان اور کائیٹ فلائنگ ایسوسی ایشنز کی باضابطہ رجسٹریشن کا عمل شروع کر دیا ہے۔

ایڈیشنل ڈی جی آر ڈی اے کا کہنا تھا کہ بسنت پنجاب کا ایک قدیم اور ثقافتی تہوار ہے جو موسمِ بہار کی آمد کی خوشی میں منایا جاتا ہے۔ سرسوں کے کھیتوں میں پیلے پھولوں کی بہار، رنگ برنگی پتنگیں، میلے اور مقابلے بسنت کی نمایاں پہچان رہے ہیں، اور اس تہوار کو محفوظ انداز میں منانا آر ڈی اے کی اولین ترجیح ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے 6تا8فروری صوبے میں بسنت منانے کی اجازت دی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔