ایران سے تجارت پر سخت اقدام،ٹرمپ کا 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ تجارتی روابط رکھنے والے ممالک کے خلاف سخت معاشی اقدام کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکا کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ایران سے کاروبار کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف نافذ کیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ یہ فیصلہ حتمی ہے اور اس پر فوری طور پر عملدرآمد ہوگا۔ ان کے مطابق جو بھی ملک ایران کے ساتھ تجارت جاری رکھے گا، اسے امریکا کے ساتھ ہونے والی ہر قسم کی تجارتی سرگرمی پر 25 فیصد اضافی ٹیرف ادا کرنا ہوگا۔

رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ کا یہ اقدام ایران میں جاری حکومت مخالف مظاہروں اور ان کے خلاف کیے جانے والے کریک ڈاؤن کے پس منظر میں سامنے آیا ہے۔ ایران میں گزشتہ دو ہفتوں سے احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، جن کے دوران ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آ رہی ہیں۔

امریکی انسانی حقوق کی ایک تنظیم کے دعوے کے مطابق حالیہ مظاہروں کے دوران اب تک سینکڑوں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ امریکی صدر اس سے قبل بھی ایرانی حکومت کو مظاہرین کے خلاف سخت کارروائیوں پر وارننگ دے چکے ہیں۔

گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا ایران کے خلاف مختلف آپشنز پر غور کر رہا ہے، جن میں فوجی کارروائی کا امکان بھی شامل ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔