آپریشن سندورمیں پاکستان کے پاس ہماری تمام نقل وحرکت کی مکمل معلومات تھیں۔بھارتی آرمی چیف

 

بھارتی آرمی چیف جنرل اپندر دویدی نے اعتراف کیا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران بھارت کی تمام نقل وحرکت پوری طرح پاکستان کی نظرمیں تھی، پاکستان کے پاس تمام سیٹلائٹ معلومات تھیں کہ ہمارا کون سا جہاز، کون سا طیارہ اور یونٹ کہاں ہے؟

 

نئی دہلی میں انڈین فوج کی سالانہ پریس کانفرنس کے دوران بھارتی آرمی چیف اپندر دویدی نے گیدڑ بھبھکیاں دیتے ہوئے ایک بار پھر پاکستان پر الزام تراشی کی۔بھارتی خبر ایجنسی اے این آئی کے مطابق جنرل اپندر دویدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سیٹلائٹس کے ذریعے مکمل معلومات حاصل تھیں کہ ہمارا کون سا جہاز،کون سی مرکزی یونٹ یا کون سا طیارہ کہاں حرکت کر رہا ہے۔

 

بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اپندر دویدی نے یہ اعتراف بھی کیا کہ جموں و کشمیر میں صورتحال نازک ہے تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ صورتحال کنٹرول میں ہے۔بھارتی آرمی چیف نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین نے راکٹ فورس کھڑی کی ہے اور اس طرح کی راکٹ فورس بھارت کی بھی ضرورت ہے۔

 

پونے دو گھنٹے طویل پریس کانفرنس کے دوران انھوں نے کئی موضوعات پر بات کی تاہم ان کی ابتدائی بریفنگ میں جہاں آپریشن سندور کا ذکر کیا گیا وہیں سوال جواب کے سیشن میں زیادہ تر سوال بھی پاکستان اور مئی 2025کی لڑائی کے بارے میں ہی تھے۔

 

انڈین آرمی چیف نے کہا کہ آپریشن سندور بدستور جاری ہے اور آئندہ کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔انڈین آرمی چیف جنرل اوپیندر دویدی نے کہا کہ آپریشن سندور واضح سیاسی ہدایات اور مکمل آزادی کے تحت عمل یا ردعمل کی اجازت کے ساتھ تینوں افواج کے بہترین اشتراک کی مثال ہے۔انھوں نے کہا کہ میں اس آپریشن کے لیے قومی سطح پر تمام شراکت داروں کے فعال کردار کا اعتراف کرتا ہوں۔انھوں نے یہ بھی کہا کہ گذشتہ برس 10 مئی کے بعد مغربی سرحد اور جموں و کشمیر میں صورتحال حساس ضرور ہے مگر قابو میں ہے۔

 

انڈین فوج کے سربراہ نے مزید دعویٰ کیا کہ کشمیر میں مقامی شدت پسندوں کی تعداد بہت کم ہے اور نئی بھرتیاں بھی تقریبا ًختم ہو چکی ہیں۔ سوال جواب کے سیشن کے دوران ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہا کہ آٹھ دہشتگرد کیمپ اب بھی متحرک ہیں، جن میں سے دو انٹرنیشنل بائونڈری کی مخالف سمت اور باقی ایل سی کی مخالف سمت پر واقع ہیں۔ہم ان پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور اگر دوبارہ کوئی ایسی حرکت ہوئی، تو ہمارا جو ارادہ ہے ہم اس کو ضرور انجام دیں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔