واشنگٹن: امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق امریکہ قطر میں اپنے العدید ایئر بیس پر موجود اہلکاروں کی تعداد کم کر رہا ہے۔ حکام نے اس اقدام کو ’احتیاطی تدبیر‘ قرار دیا ہے۔
العُدید فضائی سے بعض اہلکاروں کے انخلا سے متعلق گردش کرتی میڈیا رپورٹس کے حوالے سے ریاستِ قطر کے انٹرنیشنل میڈیا آفس (آئی ایم او) نے کہا ہے کہ یہ اقدامات موجودہ علاقائی کشیدگی کے جواب میں کیے جا رہے ہیں۔
آئی ایم او نے اس بات کی توثیق کی کہ ریاستِ قطر اپنے شہریوں اور رہائشیوں کی سلامتی اور تحفظ کو اولین ترجیح دیتے ہوئے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے، جن میں اہم تنصیبات اور فوجی سہولیات کے تحفظ سے متعلق اقدامات بھی شامل ہیں۔
آئی ایم او نے مزید کہا کہ اگر کوئی نئی پیش رفت سامنے آتی ہے تو اسے باضابطہ اور مقررہ ذرائع کے ذریعے عوام تک پہنچایا جائے گا۔
واضع رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر ایران حکومت مخالف مظاہرین کو پھانسی دیتی ہے تو امریکہ بہت سخت کارروائی کرے گا۔ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس پر حملہ ہوا تو وہ جوابی کارروائی کرے گا۔
انسانی حقوق کے گروپوں کے مطابق ایران میں حالیہ حکومتی کریک ڈاؤن کے دوران 2400 سے زائد حکومت مخالف مظاہرین ہلاک ہو چکے ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos