فائل فوٹو
فائل فوٹو

گرین لینڈ کو امریکہ سے بچانے کیلیے ناروے، جرمنی، فرانس، سویڈن نے فوجیں بھیج دیں

نوک: ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ کو ممکنہ طور پر امریکا میں ضم کرنے کے خطرات کے پیش نظر یورپی ممالک نے گرین لینڈ میں اپنی فوج بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ڈنمارک کی زیرِ قیادت آپریشن آرکٹک اینڈیورنس کے تحت جرمنی، فرانس، سویڈن اور ناروے نے گرین لینڈ میں فوجی  بھیج دیے۔ یہ افواج گرین لینڈ کے دارالحکومت نوک میں تعینات ہوں گی اور خطے میں سیکیورٹی، نگرانی اور مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لیں گی۔

جرمنی، سویڈن، فرانس اور ناروے نے تصدیق کی ہے کہ وہ ڈنمارک کے فوجیوں کے ساتھ مشترکہ مشق کے لیے  اپنی فوج گرین لینڈ بھیج رہے ہیں۔

علاوہ ازیں کینیڈا اور فرانس نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ آنے والے ہفتوں میں گرین لینڈ میں قونصل خانے کھولنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

یہ فوجی سرگرمیاں ایسے وقت میں ہو رہی ہیں جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بارہا یہ مؤقف دہرا چکے ہیں کہ گرین لینڈ کو امریکی کنٹرول میں آنا چاہیے ورنہ چین یا روس اس خطے میں اثر و رسوخ حاصل کر سکتے ہیں۔ ان بیانات نے ڈنمارک، گرین لینڈ اور نیٹو کے اندر تشویش پیدا کر دی ہے۔

گرین لینڈ کے نائب وزیر اعظم ایگیدے نے کہا ہے کہ آنے والے دنوں میں نیٹو فوجی جزیرے پر زیادہ نمایاں ہوں گے۔ ان کے مطابق فوجی پروازوں اور بحری جہازوں کی تعداد میں اضافہ ہوگا، جبکہ سرگرمیاں زیادہ تر تربیتی نوعیت کی ہوں گی۔

جرمنی کی وزارت دفاع کے مطابق، بنڈس ویئر کے 13 اہلکاروں پر مشتمل ایک جاسوسی ٹیم ڈنمارک کی دعوت پر نوک روانہ کی جا رہی ہے جو آرکٹک میں ممکنہ فوجی تعاون اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گی۔ جرمن وزارت نے اس اقدام کو اتحادیوں کے درمیان اتحاد کی مضبوط علامت قرار دیا ہے۔

فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے تصدیق کی ہے کہ فرانسیسی فوجی اہلکار روانہ ہو چکے ہیں جبکہ مزید دستے بھی جلد پہنچیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ افواج اتحادی ممالک کے مشترکہ گروپ کا حصہ ہیں جو ڈنمارک کی فوجی مشقوں کے فریم ورک میں کام کریں گی۔

سویڈن کے وزیرِاعظم الف کرسٹرسن کے مطابق سویڈش مسلح افواج کے کئی افسران ڈنمارک کی درخواست پر گرین لینڈ پہنچ رہے ہیں جبکہ نیٹو کا رکن ملک ناروے بھی خطے میں سیکیورٹی برقرار رکھنے کے لیے فوجی تعاون فراہم کر رہا ہے۔

گرین لینڈ میں نیٹو افواج کی تعیناتی پر روس نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بیلجیئم میں نیٹو ہیڈکوارٹر کے مقام پر قائم روسی سفارتخانے نے ایک بیان میں کہا کہ آرکٹک میں صورتحال انتہائی تشویشناک ہو چکی ہے۔ روس نے نیٹو پر الزام عائد کیا کہ وہ روس اور چین سے مبینہ خطرات کو جواز بنا کر گرین لینڈ میں اپنی فوجی طاقت میں اضافہ کر رہا ہے۔ روسی بیان کے مطابق نیٹو روس اور چین سے بڑھتے ہوئے خطرے کے جھوٹے بہانے کے تحت وہاں اپنی فوجی موجودگی بڑھا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔