واشنگٹن/نیویارک: گرین لینڈ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی خواہش محض جغرافیائی یا عسکری نہیں بلکہ اس کے پیچھے معروف امریکی کاسمیٹکس کمپنی ایسٹی لاؤڈر کے وارث رونالڈ لاؤڈر کے تجارتی مفادات ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جان بولٹن نے بتایا کہ ٹرمپ کو یہ تجویز لاؤڈر نے دی تھی کہ امریکا کو گرین لینڈ خریدنا چاہیے۔ اس کے بعد وائٹ ہاؤس کی ایک ٹیم نے گرین لینڈ میں امریکی اثر و رسوخ بڑھانے کے طریقوں پر غور شروع کر دیا۔
لاؤڈر نے گرین لینڈ میں متعدد کاروباری منصوبوں میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے، جن میں نایاب معدنی وسائل کی تلاش، لگژری پانی کی برآمد اور پن بجلی کے منصوبے شامل ہیں۔ ان کے مطابق گرین لینڈ کے معدنی ذخائر اور برف پگھلنے کے نتیجے میں کھلنے والے نئے بحری راستے عالمی تجارت اور مستقبل کی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔
یورپی ممالک، خاص طور پر فرانس، نے امریکی اس خواہش پر تحفظات ظاہر کیے ہیں اور خبردار کیا ہے کہ گرین لینڈ پر قبضہ یورپ کی سرخ لکیروں کی خلاف ورزی ہو گا۔
گرین لینڈ پر امریکی دلچسپی اب صرف سیاسی یا دفاعی نہیں بلکہ اس کے پیچھے تجارتی اور عالمی سرمایہ کاری کے مفادات بھی کارفرما ہیں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos