آئی سی سی کا وفد بنگلہ دیش کو ٹی20ورلڈ کپ کے میچز بھارت میں کھیلنے کے لیے قائل کرنے میں ناکام رہا ، آئی سی سی وفد کی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ سے میٹنگ اختتام کو پہنچی۔
بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے کہا ہے کہ آئی سی سی کے وفد کے ساتھ تعمیری ماحول میں گفتگو ہوئی اور حکومت کے سیکیورٹی خدشات آئی سی سی کے سامنے رکھ دیے گئے۔ دونوں فریقوں نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔بنگلہ دیش نے ورلڈ کپ کے میچز سری لنکا منتقل کرنے کی باضابطہ درخواست بھی آئی سی سی کو دے دی ہے۔
بی سی بی اعلامیے کے مطابق لاجسٹک معاملات کو دیکھتے ہوئے بنگلادیش کو کسی دوسرے گروپ میں منتقل کرنے کے امکان پر بھی بات ہوئی۔
آئی سی سی وفد میں جنرل منیجر ایونٹس اینڈ کارپوریٹ کمیونیکیشنز گوروو سکسینا اور جنرل منیجر انٹیگریٹی یونٹ اینڈریو ایفرگریو شامل تھے، گوروو سکسینا ویزا تاخیر سے ملنے کے باعث اجلاس میں آن لائن شریک ہوئے۔بی سی بی کے صدر امین الاسلام، نائب صدر شکاوت حسین سمیت بورڈ عہدیداران شریک ہوئے۔میٹنگ کے اختتام پر بی سی بی اور آئی سی سی نے معاملے پر مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
آئی سی سی بنگلادیش کے میچوں سے متعلق حتمی فیصلہ چند دنوں میں سنائے گی، کیونکہ بنگلادیش نے بھارت میں ورلڈ کپ کھیلنے سے انکار کردیا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos