یورپی ممالک نے ٹرمپ کی ٹیرف دھمکیوں کو مسترد کر دیا

January 20, 2026 · بام دنیا

یورپی ممالک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ٹیرف لگانے کی دھمکیوں کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔ برطانوی وزیراعظم اسٹارمر نے امریکی ٹیرف کے استعمال کو اتحادیوں کے خلاف غیر مناسب قرار دیا، جبکہ برطانیہ کی وزیر خارجہ یویٹ کوپر نے واضح کیا کہ گرین لینڈ کا مستقبل صرف گرین لینڈ کے باشندوں اور ڈنمارک کے فیصلے کے تابع ہے۔

ڈنمارک کے وزیراعظم نے بھی کہا کہ یورپ صدر ٹرمپ کی دھمکیوں میں نہیں آئے گا، اور ڈنمارک کے وزیر خارجہ نے خبردار کیا کہ امریکی دھمکیاں گرین لینڈ پر فوجی کارروائی تک لے جا سکتی ہیں اور یہ نیٹو کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

فرانس، جرمنی اور ناروے نے بھی امریکی صدر کی دھمکی کو بلیک میلنگ قرار دیا۔ یورپی یونین نے اس معاملے پر ہنگامی اجلاس جمعرات کو طلب کر لیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل صدر ٹرمپ نے گرین لینڈ پر قبضے کی مخالفت کرنے والے یورپی ممالک پر ٹیرف لگانے کا اعلان کیا تھا۔ یکم فروری سے یورپی ممالک سے آنے والی تمام اشیا پر 10 فیصد اور یکم جون سے 25 فیصد تک ٹیرف لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ اس میں برطانیہ، ڈنمارک، ناروے، سویڈن، فرانس، جرمنی، نیدرلینڈز اور فن لینڈ شامل ہیں۔ صدر ٹرمپ نے اپنے اعلان پر مکمل قائم رہنے کا عندیہ دیا ہے اور گرین لینڈ کے معاملے پر مخالفت جاری رہنے پر ٹیرف لگانے کی دھمکی دی ہے۔