کابل: افغانستان میں شدید برفباری کی وجہ سے کابل کو مختلف صوبوں سے ملانے والی کئی رابطہ سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔ کابل اور مختلف صوبوں میں دو روز سے جاری شدید برف باری کی وجہ سے کابل اور ملحقہ اضلاع میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔
طالبان حکومت کی وزارت برائے پبلک ورکس نے بتایا کہ برفباری کی وجہ سے سالنگ ہوئی وے بھی بند ہو گئی ہے۔ یہ ہائی وے افغانستان کا ایک اہم پہاڑی راستہ ہے جو شمالی اور جنوبی افغانستان کو ملاتی ہے۔
طالبان حکومت کی وزارت برائے پبلک ورکس کے مطابق سالنگ ہائی وے کو بحال کرنے کے لیے کام جاری ہے اور جب موسم کی صورتحال کچھ بہتر ہو گی تو برف ہٹانے کے بعد یہ اہم شاہراہ کھول دی جائے گی۔
مسافر بس کمپنیوں کے مطابق کابل اور غزنی شاہراہ کی خراب صورتحال اور برفباری کی وجہ سے متعدد حادثات بھی پیش آ رہے ہیں۔
برفباری کے دوسرے روز ہزاروں مسافر اور سینکڑوں ٹرک سالنگ ہائی وے بند ہونے سے شمالی اور جنوبی حصوں میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق جمعرات کو ہونے والی برفباری، بدھ کے مقابلے میں کہیں زیادہ تھی، جس کی وجہ سے برف ہٹانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔
ایک مقامی صحافی اور عینی شاہدین نے بی بی سی کو بتایا کہ برفباری کی شدت اتنی زیادہ ہے کہ سالنگ ہائی وے کے شمالی حصے اتنی بری طرح متاثر ہوئے ہیں کہ وہاں برف ہٹانے کے لیے آنے والے بلڈوزرز کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
شمالی اور شمال مشرقی افغانستان میں صوبائی دارالحکومتوں کو ملانے والی کئی شاہراہیں بھی برفباری کی وجہ سے بند ہیں۔
ورک اور غزنی صوبوں بھی برفباری سے متاثرہ علاقوں میں شامل ہیں۔ کابل، ہرات شاہراہ پر بھی ٹریفک کی روانی متاثر ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان کے 20 سے 27 صوبوں میں آئندہ دو روز کے دوران بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos