ٹی 20 ورلڈ کپ میں بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈکی ٹیم شامل کرنے کا باضابطہ اعلان
انٹرنیشل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بنگلہ دیش کو ٹی20 ورلڈ کپ سے باہر کرنے کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے اسکاٹ لینڈ کو متبادل ٹیم کے طور پر شامل کرلیا۔آئی سی سی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم کو ٹی20 ورلڈ کپ میں شامل کرلیا گیا ہے۔
آئی سی سی نے کہا ہے کہ اس معاملے پر تین ہفتوں سے زیادہ عرصے تک تفصیلی گفتگو کی گئی، بی سی بی کے ساتھ رابطے قائم رکھے گئے اور ان کے خدشات کا ہر پہلو سے جائزہ لیا گیا۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہےکہ بنگلادیش کے ساتھ زیادتی ہو رہی ہے، اس کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ہونا چاہیے، بنگلا دیش آئی سی سی میں برابر کی حیثیت کا ملک ہے، اگر پاکستان کے ساتھ معاملے میں بھارت کو فیور دیا گیا تو بنگلا دیش کو بھی ملنا چاہیے۔ان کا کہنا تھاکہ یہ دہرا معیار ہے، ایک ملک کسی کو ڈکٹیٹ نہیں کرسکتا، ڈکٹیشن ہوئی تو پھر پاکستان کا بھی ایک مؤقف ہے اور پاکستان اپنے مؤقف پر قائم رہےگا۔
چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت سے متعلق فیصلہ حکومت پاکستان کرے گی، آئی سی سی سے زیادہ حکومت پاکستان کے تابع ہیں، فیصلہ حکومت کرے گی۔ ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلے کے لیے وزیراعظم کی آمد کے منتظرہیں، اس وقت وزیر اعظم پاکستان ملک میں نہیں ہیں، پہلے حکومت فیصلہ بتادے پھر پلان اے بی سی تیار ہے۔
بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے بنگلادیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ کو شامل کر لیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی اس سے متعلق جلد اعلامیہ جاری کرے گی۔
اس سے قبل بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ٹی 20 ورلڈ کپ کے معاملے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو ایک اور خط لکھ دیا تھا۔
ذرائع کے مطابق آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2026ء میں شرکت اور بھارت نہ جانے کے معاملے پر بی سی بی نے یہ خط لکھا تھا۔
بی سی بی نے خط میں بنگلادیش ٹیم کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت اور بھارت نہ جانے کا معاملہ آئی سی سی انڈیپینڈنٹ ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی کو بھیجنے کا کہا تھا۔
بی سی بی نے بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے میچز ری لوکیٹ کرنے کی درخواست کی ہے اور اپنا مؤقف ایک مرتبہ پھر دہرایا ہے۔
بی سی بی نے کل کے فیصلے کی روشنی میں آئی سی سی سے دوبارہ رابطہ کیا ہے اور اپنی ٹیم بھارت نہ بھجوانے کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔
اس سے قبل مشیر کھیل بنگلادیش ڈاکٹر آصف نذرل نے اعلان کیا تھا کہ بنگلادیش ٹیم ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہیں جائے گی، ہمارے تحفظات حقیقی ہیں، آئی سی سی نے ان کو تسلیم نہیں کیا، آئی سی سی نے ہمارے مؤقف کو تسلیم نہیں کیا۔
بی سی بی کے صدر امین الاسلام نے بھی آئی سی سی کے ٹی20 ورلڈ کپ 2026ء میں بنگلادیش کی جگہ دوسری ٹیم کی شمولیت کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارا مؤقف یہی ہے کہ ہمیں سری لنکا میں کھیلنے دیا جائے، ہم سب ورلڈ کپ کھیلنا چاہتے ہیں، لیکن بھارت جانا محفوظ نہیں سمجھتے۔