لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی کی جانب سے بنگلادیش کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے باہر کرنے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بنگلادیش کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے اور دہرا معیار اختیار نہیں کیا جانا چاہیے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ بنگلادیش آئی سی سی کا بڑا اسٹیک ہولڈر ہے، ایسے میں اس کے ساتھ اس نوعیت کا رویہ قابلِ افسوس ہے۔ انہوں نے بتایا کہ آئی سی سی کے اجلاس میں بھی واضح طور پر یہ مؤقف اختیار کیا گیا تھا کہ فیصلوں میں یکساں معیار ہونا چاہیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ آئی سی سی کے باضابطہ فیصلے کا ابھی انتظار ہے اور اس حوالے سے پاکستان کے پاس مختلف آپشنز اور پلان موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے معاملے پر حکومت پاکستان جو بھی فیصلہ کرے گی، پاکستان کرکٹ بورڈ اسی فیصلے پر عمل کرے گا۔
چیئرمین پی سی بی نے واضح کیا کہ پاکستان آئی سی سی سے زیادہ حکومت پاکستان کے فیصلوں کا پابند ہے اور قومی مفاد میں جو ہدایت دی جائے گی اس پر مکمل عمل کیا جائے گا۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos