ڈونلڈ ٹرمپ نے افغانستان میں لڑنے والے برطانوی فوجیوں کی تعریف کی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ وہ عظیم جنگجو تھے۔
امریکی صدرکے یہ ریمارکس برطانوی وزیراعظم کی فون کال کے بعد سامنے آئے جو انہوں نے ٹرمپ کے پہلے بیان کے حوالے سے بات کرنے کے لیے کی تھی ، جس میں افغانستان کے محاذپر نیٹو فوجیوں کو اگلے مورچوں سے پیچھے رہنے کا طعنہ دیاگیاتھا،ٹرمپ نے یہ بات امریکی ٹی وی کو انٹرویومیں کہی تھی۔ان کے اس بیان کویورپی رہنمائوں نے شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔برطانوی وزیراعظم نے ٹرمپ کے ریمارکس کو توہین آمیز اور نفرت انگیزقراردیا۔
ڈائوننگ سٹریٹ لندن میں وزیراعظم کے دفتر نے بتایاہے کہ کیر سٹارمرنے امریکی صدرسے فون پرگفتگو کی ۔ ترجمان کے مطابق،وزیراعظم نے ان تمام بہادربرطانوی اور امریکی فوجیوں کی ستائش کی جو افغانستان میں شانہ بشانہ لڑے، جن میں سے اکثر واپس نہیں آئے،اور کہا کہ ہمیں ان کی قربانی کو کبھی نہیں بھولنا چاہیے۔
اس بات چیت کے فوراً بعد، ٹرمپ نے اپنے ٹرتھ سوشل پلیٹ فارم پر تازہ تبصرے شائع کیے -جن میں وہ پہلے جاری کیے گئے بیان سے پیچھے ہٹتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں ،تاہم وہ مذکورہ انٹرویو میں استعمال کیے گئے الفاظ پر براہ راست معافی مانگنے سے گریزاں رہے۔انہوں نے لکھاکہ برطانیہ کے عظیم اور بہت بہادر سپاہی ہمیشہ امریکہ کے ساتھ رہیں گے۔
ٹرمپ کا مزید کہناتھاکہ افغانستان میں، 457 ہلاک، بہت سے شدید زخمی(برطانوی فوجی) تمام جنگجوؤں میں سب سے بڑے تھے۔یہ اتنا مضبوط رشتہ ہے جسے کبھی توڑا نہیں جا سکتا۔ برطانیہ کی فوج، زبردست دل اور جان کے ساتھ، کسی سے پیچھے نہیں (امریکہ کے علاوہ)۔ ہم آپ سب سے پیار کرتے ہیں، اور ہمیشہ رہیں گے!
مزیدپڑھیں: ٹرمپ کی نیٹو پر پھبتی۔کیا یورپ اور امریکہ کے راستے جداہوچکے ہیں؟
برطانوی کنزرویٹو پارٹی کی رہنما کیمی بیڈینوک نے کہا ہے کہ انہیں خوشی ہے ٹرمپ نے افغانستان میں امریکہ اور نیٹو اتحادیوں کے ساتھ مل کر لڑنے میں برطانیہ کے کردار کو تسلیم کیا ۔انہوں نے کہا کہ اس حقیقت پر کبھی سوال نہیں اٹھنا چاہئے تھا۔
ٹرمپ کے نئے تبصروں میں نیٹو کے دوسرے اتحادیوں میں سے کسی کا ذکر نہیں کیا گیا جنہوں نے افغانستان میں فوج بھیجی تھی۔اٹلی کی وزیر اعظم جارجیا میلونی نے کہا کہ ان کی حکومت ٹرمپ کے پہلے بیان کو سن کر حیران رہ گئی اور مزید کہا کہ ہماری قوم نے ایک قیمت ادا کی جو تنازع سے بالاتر ہے: 53 اطالوی فوجی ہلاک اور 700 سے زیادہ زخمی۔انہوں نے ایکس پرلکھاکہ افغانستان میں نیٹو ممالک کے تعاون کی اہمیت کم کرنے والے بیانات ناقابل قبول ہیں، خاص طور پر جب وہ کسی اتحادی ملک سے آئے ہوں۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos