بھارت کی ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او) نے 26 جنوری کو یوم جمہوریہ کی پریڈ میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے اینٹی شپ ہائپر سونک میزائل کی نمائش کا اعلان کیا ہے۔
بی بی سی مانیٹرنگ کے مطابق انڈین حکومت کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ میزائل جدید ہتھیاروں کے نظام کے حصول اور انڈین نیوی کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
ڈی آر ڈی او نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یہ ہتھیار ایک ہائپر سونک گلائیڈ میزائل ہے، جو جامد اور حرکت کرنے والے اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسے مختلف پے لوڈ لیجانے کے لیے بھی ڈیزائن کیا گیا ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ میزائل اپنی نوعیت کا پہلا میزائل ہے جس میں مقامی ایویونکس سسٹم اور ہدف کو درستگی کے ساتھ نشانہ بنانے کی خصوصیات ہیں۔
ہائپرسونک کا مطلب ہے کہ ایسی چیز جو آواز کی رفتار سے پانچ گنا زیادہ تیزی سے سفر کر سکتی ہو۔ یہی خصوصیت ہائپر سونک میزائلوں کو سپر سونک میزائلوں سے منفرد بناتی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ میزائل تیز رفتاری کے ساتھ کم اُونچائی پر پرواز کرتا ہے اور آواز کی رفتار سے پانچ گنا زیادہ رفتار برقرار رکھتا ہے۔
Ummat News Latest Urdu News in Pakistan Politics Headlines Videos